کراچی(نوائے وقت رپورٹ) ایم کیو ایم بہادر آباد اور پی آئی بی میں معاملات طے پاگئے۔ دونوں گروپوں کے رہنمائوں فاروق ستار اور خالد مقبول صدیقی نے مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔ فاروق ستار نے کہا کہ سینٹ الیکشن کے حوالے سے ہمارا اتفاق رائے ہوا ہے۔ امید ہے رابطہ کمیٹی کا مسئلہ بھی حل کرلیں گے، جنرل نشست پر فروغ نسیم اور کامران ٹیسوری امیدوار ہوں گے۔ ٹیکنو کریٹ سیٹ پر عبدالقادر خانزادہ‘ خواتین کی نشست پر ڈاکٹر نگہت شکیل اور اقلیتی نشست کیلئے سنجے پروانی کے ناموں پر اتفاق ہوا ہے ہم ان پانچوں سیٹوں پر مقابلہ کریں گے اور تمام سیٹیں نکالیں گے۔ ایم کیو ایم کے سیئر رہنمائوں کے درمیان اختلاف رائے تھا۔ اختلاف رائے میں ہم اپنی پوزیشنز پر قائم دائم ہیں۔ ہم براہ راست ایک دوسرے سے رابطے میں رہے۔ ہم نہیں چاہتے ایم کیو ایم پاکستان تقسیم ہو، ووٹ تقسیم ہوں۔ ہمارے درمیان سینٹ الیکشن کیلئے اتفاق رائے ہوا ہے ہمارے درمیان ثالثی اور مصالحت کا سلسلہ چلتا رہا۔ خالد مقبول نے کہا کہ جنرل نشست پر ہمارے امیدوار فروغ نسیم ہیں اور فاروق ستار کے امیدوار کامران ٹیسوری ہیں۔ ایک دوسرے کے امیدواروں سے تعاون کریں گے ہمارے درمیان باقی معاملات بھی حل ہونا شروع ہوگئے ہیں کنونیئر شپ کے سوال پر فاروق ستار نے مسکرا کر کہا کہ اب کیا ایک اور پریس کانفرنس کریں کچھ آئندہ کیلئے چھوڑ دیں۔ خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ اگر میری جگہ کوئی اور کنونیئر بنتا تو اختلافات شدید تر ہوجاتے۔
ایم کیو ایم اتفاق
سینیٹ الیکشن : ایم کیو ایم پاکستان کے دونوں دھڑوں میں معاملات طے: جنرل نشتوں پراختلاف
Mar 03, 2018