اسلام آباد (سپورٹس ڈیسک )گزشتہ دنوں سوشل میڈیا پر دھوم مچانے والے ننھے ’وسیم اکرم‘ کی عمر صرف 6 سال اور وہ چیچہ وطنی کا رہائشی ہے۔نجی چینلسے گفتگو کرتے ہوئے تیسری جماعت کے طالب علم حسن اختر نے کہا کہ بڑے ہوکر وہ کرکٹر بننا چاہتے ہیں اور وسیم اکرم ان کے پسندیدہ کھلاڑی ہیں۔اس سوال پر کہ اگر وسیم اکرم ان کی کوچنگ کریں، اس کے جواب میں حسن کا کہنا تھا کہ یہ ان کے لیے خوش قسمتی کی بات ہوگی۔8 بہن بھائیوں میں سب سے چھوٹے حسن اختر نے بتایا کہ وہ روزانہ تین سے چار گھنٹے گھر پر پریکٹس کرتے ہیں۔تیسری جماعت کے بچے کا کہنا تھا کہ انہیں بیٹنگ کا شوق نہیں، صرف بولنگ کرتے ہیں اور ان کی عمر سے بڑے کھلاڑی ابھی ان کی بولنگ سے ڈرتے ہیں اور وہ انہیںآؤٹ بھی کرلیتے ہیں۔بچے کی ویڈیو گزشتہ کچھ دنوں سے سوشل میڈیا پر وائرل ہے جس کا بولنگ ایکشن وسیم اکرم سے بے انتہا ملتا جلتا ہے۔ویڈیو میں دوسرے اینڈ پر ایک اسٹمپ بھی دیکھی جاسکتی ہے جسے یہ بچہ کئی مرتبہ ہٹ کرتا ہے جس سے اس کی مہارت کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے۔ویڈیو پر تبصرہ کرتے ہوئے وسیم اکرم نے کہا کہ ’یہ بچہ کہاں ہے؟ ہماری قوم کی رگوں میں بہترین قسم کا ٹیلنٹ دوڑ رہا ہے تاہم ایسا کوئی پلیٹ فارم موجود نہیں جہاں ان بچوں کو شناخت مل سکے۔ وقت آگیا ہے کہ ہم اس بارے میں کچھ کریں۔
سوشل میڈیا پر دھوم مچانے والا ننھا ’وسیم اکرم‘ چیچہ وطنی کا رہائشی
Mar 03, 2018