لاہور (اپنے نامہ نگار سے)لاہور کی کینٹ کچہری عدالت میں اداکارہ میرا کے خلاف نکاح پر نکاح کیس میں فوجداری کارروائی سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔گزشتہ روز اداکارہ میرا کے سابق شوہر عتیق الرحمان کے وکیل نے کہا کہ فیملی عدالت ادکارہ میرا کو پہلے ہی عتیق الرحمان کی بیوی قرار دے چکی ہے، میرا نے کیپٹن نوید کے ساتھ نکاح پہ نکاح کیا، اس لیے ان کے خلاف فوجداری قانون کے تحت کارروائی کی جائے، عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد اداکارہ میرا کے خلاف نکاح پر نکاح کیس میں فوجداری کارروائی روک دی ہے۔جوڈیشل مجسٹریٹ عظمت اللہ اعوان نے فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ میرا کے خلاف فوجداری مقدمہ کی کارروائی تاحکم ثانی روکی جاتی ہے۔ میرا نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا کہ ان کے خلاف نکاح پر نکاح کیس ایڈیشنل اینڈ سیشن جج لاہور عدنان طارق کی عدالت میں زیرسماعت ہے۔ اس لیے اس پر فوجداری کارروائی نہیں ہوسکتی۔