کشیدگی وجہ مسئلہ کشمیر، بھارتی جارحیت کیحلاف کے ساتھ کھڑی ہے: پاکستان پائندہ باد کانفرنس

Mar 03, 2019

لاہور (نیوزرپورٹر) پاکستانی قوم بہادر افواج کے شانہ بشانہ دشمن کی ہر جارحیت کا مقابلہ کرنے کیلئے تیار ہے۔ پاکستان اور بھارت کے درمیان موجودہ کشیدگی کی بڑی وجہ مسئلہ کشمیر کا حل نہ ہونا ہے۔ پاکستان کی خاطر ہر قربانی دینے کیلئے تیار رہیں اور دشمن کے سامنے سیسہ پلائی دیوار بن جائیں۔ ہمیں دشمن کی چالوں کو سمجھنا اور قومی اتحاد کو برقرار رکھنا ہو گا۔مسلمانوں کے جذبہ جہاد سے دشمن خوفزدہ ہے۔ آج پاکستان نے ہر محاذ پر انڈیا پر برتری ثابت کر دکھائی ہے۔ انڈین کلچر کی نفی اور بھارتی مصنوعات کا بائیکاٹ کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار مقررین نے ایوان کارکنان تحریک پاکستان ، لاہور میں پاک فوج سے اظہار یکجہتی اور قومی اتحاد و استحکام کی مظہر ’’ پاکستان پائندہ باد کانفرنس‘‘ میں کیا ۔ کانفرنس کا اہتمام نظریۂ پاکستان ٹرسٹ نے تحریک پاکستان ورکرز ٹرسٹ کے اشتراک سے کیا تھا۔ صدارت وائس چیئرمین نظریۂ پاکستان ٹرسٹ پروفیسر ڈاکٹر رفیق احمدنے کی جبکہ معروف ماہر قانون جسٹس(ر) خلیل الرحمن خان، مرکزی امیر جمعیت اہلحدیث پاکستان سینیٹر پروفیسر ساجد میر، سیکرٹری جنرل جمعیت علمائے پاکستان قاری زوار بہادر، خانوادۂ حضرت سلطان باہوؒ صاحبزادہ سلطان احمد علی، امیر جماعت اسلامی پنجاب امیر العظیم، قیوم نظامی، بیگم صفیہ اسحاق، پروفیسر عابد وسیم ، اساتذۂ کرام ، طلبا وطالبات سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے خواتین و حضرات بڑی تعداد میں موجود تھے۔ نظامت کے فرائض سیکرٹری نظریۂ پاکستان ٹرسٹ شاہد رشید نے انجام دیے۔پروفیسر ڈاکٹر رفیق احمد نے کہا کہ موجودہ حالات میں جوش کے ساتھ ساتھ ہوش مندی کا بھی ثبوت دینا ہو گا۔ہماری سیاسی و عسکری قیادت کے طرز عمل نے ثابت کیا ہے کہ ہم ایک باشعور قوم ہیں اور دنیا نے بھی ہمارے عمل کو سراہا ہے۔ جسٹس(ر) خلیل الرحمن خان نے کہا آج ہم اس مقام پر پہنچ چکے ہیں کہ جہاں زندہ قومیں اپنے راستے کا خود انتخاب کرتی ہیں۔ سینیٹر پروفیسر ساجد میر نے کہا کہ پاکستان کو ان دنوں بھارتی سرحدوں کی طرف سے جن حالات کا سامنا ہے اس کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ ہندو بنیے نے آج تک قیام پاکستان کو دل سے تسلیم نہیں کیا، وہ تقسیم ہند کو گائو ماتا کے ٹکڑے کرنے کے مترادف سمجھتا ہے۔او آئی سی اجلاس کے بائیکاٹ کا فیصلہ اچھی بات ہے ، یہ وقت قومی غیرت و حمیت دکھانے کا ہے۔قاری محمد زوار بہادر نے کہا کہ پاکستانی فوج اور قوم ایمان کی قوت کے ساتھ دشمن کے سامنے کھڑے ہیں اور یہ ایسی قوت ہے جس کے سامنے اسلحہ کے انبار اور بڑی بڑی فوجیں بھی نہیں ٹھہر سکتی ہیں۔صاحبزادہ سلطان احمد علی نے کہا کہ پاکستانی شاہینوں نے بھارتی سورمائوں کو مار بھگایا اور آج بھارت دنیا کے سامنے ایکسپوز ہو گیا ہے۔ہم نے کم وسائل کے باجود بھارتی طیاروں کے پرخچے اڑا دیے۔ امیر العظیم نے کہا کہ آج مقبوضہ کشمیر میں تحریک آزادی اپنے عروج پر پہنچ چکی ہے ، وہاں اس تحریک میں پی ایچ ڈی کیے نوجوان بھی شامل ہو چکے ہیں۔ یہ ہماری اخلاقی ذمہ داری ہے کہ کشمیریوں کو تنہا نہ چھوڑیں۔قیوم نظامی نے کہا کہ بھارت میں اس وقت ایک ایسے انتہا پسند شخص کی حکومت ہے جو ثابت شدہ دہشتگرد ہے اور اس کے ہاتھ ہزاروں مسلمانوں کے خون سے رنگے ہوئے ہیں۔پروفیسر عابد وسیم نے کہا پاک فوج ہماری جغرافیائی سرحدوں کی محافظ ہیں اور وہ اپنا فریضہ نہایت احسن طریقے سے نبھا رہی ہیں ۔ شاہد رشید نے کہا کہ جنگی جنون میں مبتلا بھارت نے پاکستان کیخلاف جارحیت کی کوشش کی جسے ہماری بہادر افواج نے ناکام بنا دیا۔آخر میں قومی امنگوں کی ترجمان قراردادیں پیش کی گئیں جسے حاضرین نے متفقہ طور پر منظور کر لیا۔

مزیدخبریں