نئی دہلی (نوائے وقت نیوز) بھارت کے معروف گلوکار سونونگم اپنے ہی میڈیا پر برس پڑے اور ساتھ ہی تمیز سیکھنے کا مشورہ بھی دے ڈالا۔ سونونگم نے ایک انٹرویو کے دوران کہا کہ ہمارے میڈیا اور صحافیوں کو اب سمجھدار ہو جانا چاہئے اور غلط بیانی سے گریز کرنا چاہئے۔ سونو نگم نے پاک بھارت کشیدگی سے متعلق گفتگو میں کہا کہ اگر کسی سے بدلہ لینا بھی ہے تو تمیزسے لیا جائے۔ بچہ نہ بنا جائے۔ پہلی گیند گراتے ہی پٹاخے پھوڑنے اور اچھل کود سے اجتناب کیا جائے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق سونو نگم نے میڈیا پر شدید تنقید اس لئے کی کیونکہ ان کے بیان کو بدل دیا گیا تھا جس میں انہوں نے مزاحیہ انداز میں کہا تھا کہ ’’کتنا اچھا ہوتا اگر میں پاکستان میں پیدا ہوتا اور پھر مجھے بھی بھارت سے میوزک انڈسٹری میں کام کرنے کیلئے بڑے مواقع پیش کئے جاتے۔‘‘ سونو کے اس بیان کو بھارتی میڈیا نے ’’کتنا اچھا ہوتا اگر میں پاکستان میں پیدا ہوتا‘‘ میں تببدیل کر دیا تھا جس پر گلوکار نے برہمی کے ساتھ بھارتی صحافیوں کو تنبیہ کی اور آئندہ ایسی غلط خبریں دینے سے روکنے کی تلقین کی۔