لاہور(نیوزرپورٹر)وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ بھارتی پائلٹ کو رہا کر کے وزیراعظم عمران خان نے خطے میں امن کو ایک اورموقع دیاہے اوروزیراعظم عمران خان کا خیر سگالی کایہ اقدام تاریخ میں سنہری حروف سے لکھا جائے گا۔ عمران خان نے پاکستان کی طرف سے بھارتی حکومت اور عوام کوخیرسگالی کاپیغام دیاہے اورامن کیلئے بال اب بھارت کے کورٹ میں ہے۔ پاکستان نے بھارتی جنگی جنون اورجارحیت کے باوجود ہمیشہ امن کیلئے ٹھوس اقدامات کئے ہیں، وزیراعظم نے امن کی طرف ایک اور قدم بڑھا کر حقیقی لیڈرہونے کا ثبوت دیاہے۔ بھارت کو ہوش کے ناخن لینے چاہئیں۔امید ہے کہ جنگ کے بادل چھٹ جائیں گے۔ عثمان بزدار کی زیر صدارت اجلاس میں پاکستان سپر لیگ فورکے میچوں کے انتظامات،ٹریفک پلان اورسکیورٹی کے امور کاتفصیلی جائزہ لیا گیا۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ لاہور میں ہونے والے میچوں کیلئے سو فیصد فول پروف سکیورٹی یقینی بنائی جائے گی اورکھلاڑیوں کے ساتھ شائقین کرکٹ کیلئے بہترین انتظامات کیے جائیں گے۔ شائقین کرکٹ کی دلچسپی کیلئے پارکنگ سے سٹیڈیم جانیوالے راستوں پر ثقافتی شوز کا بھی اہتمام کیا جائے۔ میچوں کا پرامن ماحول میں انعقاد پاکستان کی عزت کا معاملہ ہے ،اس پر حرف نہیں آنے دیں گے۔اجلاس میں شائقین کرکٹ کوپارکنگ ایریا سے سٹیڈیم تک لیجانے کیلئے بس سروس چلانے کا فیصلہ کیاگیا۔ متعلقہ ادارے اورمحکمے آپس میں قریبی رابطہ رکھتے ہوئے فرائض سرانجام دیں۔ میچوں کیلئے انتظامات خوب سے خوب تر ہونے چاہئیں،معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔پی ایس ایل فور کے لاہور میں ہونیوالے میچوں سے شائقین کرکٹ کو عالمی معیارکاکھیل دیکھنے کو ملے گااور شائقین کرکٹ کو بہترین تفریح کے مواقع میسر آئیں گے۔ پی ایس ایل جیسے ایونٹس کے انعقادسے پاکستان کا دنیا بھر میں سافٹ امیج اجاگر ہوگا اورپاکستان میں ان میچوں کے انعقاد سے کرکٹ سٹیڈیمز کی رونقیں بحال ہوں گی۔ زندہ دلان لاہور اپنے فیورٹ کھلاڑیوں کو میدان میں کھیلتے دیکھنا چاہتے ہیں۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ نے لاہور میں ہونیوالے میچوں کے انعقاد کیلئے سکیورٹی پلان کے بارے میں بریفنگ دی۔سی ٹی او لاہورنے میچوں کے دوران ٹریفک پلان سے آگاہ کیا۔ عثمان بزدارنے لائن آف کنٹرول پر شہری آبادی پر بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ کی شدید مذمت کی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے شہید ہونے والے دوفوجی جوانوں کی بہادری اور جرآت کو سلام پیش کیا ہے اور شہید فوجی جوانوں کے لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کیا ہے۔ عثمان بزدار سے صوبائی وزیر کھیل و امو ر نوجواناں تیمور خان بھٹی نے ملاقات کی اور اپنے محکمے کی کارکردگی کے حوالے سے وزیر اعلی کو آگاہ کیا۔وزیر اعلی نے کہا کہ نوجوان ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں اور تحریک انصاف کی حکومت نوجوانوں کی ترقی کیلئے جامع پروگرام پر عملدرآمد کر رہی ہے۔