اسلام آباد(نوائے وقت رپورٹ )سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کے چیئرمین سینیٹر رحمان ملک نے کہا ہے کہ نریندرامودی اپنے سیاسی حریفوں پر برتری کیلئے جنگی جنون کی پالیسی پر گامزن ہے۔ ہفتہ کوسماجی میل جول کی ویب سائٹ ’’ٹوئٹر ‘‘پرجاری ایک پیغام میں انہوں نے کہاکہ مودی نے بھارتی میڈیا ، راشٹریہ سیوک سنگھ کی خوف و دہشت اور فوج، آر ایس ایس اوربھارتی خفیہ ایجنسی را کی مدد سے مقبوضہ کشمیر میں ظلم وستم میں اضافہ کیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر میں آر ایس ایس کے خاندانوں کو بسانے اورکنٹرول لائن پر کشیدگی میں اضافہ کرکے وزیراعظم مودی بھارتی آئین کے آرٹیکل 83 کی شق دو کے ذریعے ہنگامی حالت نافذ کرکے اپنی حکومت کو توسیع دینا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ اپنی انتخابی مہم کو تقویت دینے کیلئے مودی دونوں ممالک میں خون بہانا اورہنگامی حالت نافذ کرکے اپنی حکومت کو دوام دینا چاہتاہے۔ رحمان ملک نے کہاکہ مودی امبانی پروڈکش کے ذریعے بھارت کی جنگی فلم کیلئے جنگی ہیرو بننا چاہتا ہے لیکن ابھی تک قسمت ان کا ساتھ نہیں دے رہی۔