اسلام آباد (نامہ نگار + صباح نیوز) جعلی اکاؤنٹس کیس میں اہم پیشرفت سامنے آگئی۔ نیب راولپنڈی نے آصف زرداری، نواز شریف، یوسف رضا گیلانی کیخلاف توشہ خانہ ریفرنس دائر کر دیا، جس میں کہا گیا ہے کہ سابق صدرآصف زرداری اورسابق وزرائے اعظم نواز شریف، یوسف رضا گیلانی نے غیر قانونی طور پر گاڑیاں حاصل کیں، آصف زرداری نے گاڑیوں کی صرف 15فیصد ادائیگی انور مجید اور عبدالغنی مجید کے ذریعے کی، زرداری کو بطور صدر لیبیا اور یو اے ای سے بھی گاڑیاں تحفے میں ملیں، ریفرنس میں کہا گیا ہے کہ آصف زرداری نے گاڑیاں توشہ خانہ میں جمع کرانے کے بجائے خود استعمال کیں۔ نواز شریف 2008 میں کسی بھی عہدے پر نہیں تھے لیکن ان کو 2008 میں بغیر کوئی درخواست دیئے توشہ خانے سے گاڑی دی گئی۔ انور مجید نے انصاری شوگر ملز کے اکانٹس کا استعمال کر کے دو کروڑ سے زائد کی غیر قانونی ٹرانزیکشنز کیں، انور مجید نے آصف زرداری کے اکانٹس میں بھی 9.2ملین روپے ٹرانسفر کئے، عبدالغنی مجید نے 37ملین روپے کسٹم کولیکٹر اسلام آباد کو ٹرانسفر کئے۔ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں کرپشن تحقیقات پر نیب نے سابق چیئرپرسن بی آئی ایس پی فرزانہ راجہ کے خلاف بھی ریفرنس دائر کر دیا۔ قومی احتساب بیورو نے 32والیمز پر مشتمل کرپشن ریفرنس احتساب عدالت میں دائر کیا، ریفرنس میں پیپلز پارٹی رہنما فرزانہ راجہ سمیت 19ملزمان کو نامزد کیا گیا۔ نیب نے موقف اختیار کیا کہ فرزانہ راجہ نے 4اشتہاری کمپنیوں کو خلاف ضابطہ ٹھیکے دیئے، فرزانہ راجہ نے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کو ایک ارب 46کروڑ کا نقصان پہنچایا۔ نیب نے خورشید شاہ کے بھائی سید علی نواز شاہ مرحوم کوآمدن سے زائد اثاثوں کے مقدمہ میں جاری نوٹس واپس لے لیا۔ چیئر مین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے غلطی کے ذمہ داران کے خلاف بھی کارروائی کی ہدایت کی ہے۔ نیب نے سابق چیئرمین اسٹیل مل معین آفتاب شیخ و دیگر کی بریت کا فیصلہ سندھ ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا ہے۔ نیب نے 90 کروڑ سے زائد کے کرپشن ریفرنس میں ملزموں کی بریت کے خلاف اپیل چیئرمین نیب کی جانب سے دائر کی ہے۔
غیر قانونی طور پر گاڑیاں لینے کا الزام، نوازشریف، زرداری، گیلانی کیخلاف نیب ریفرنس دائر
Mar 03, 2020