پشاور (نوائے وقت رپورٹ) خیبرپی کے اسمبلی میں حزب اختلاف کے ارکان نے سپیکر مشتاق غنی کے رویے کیخلاف ربڑ کے ہتھوڑوں سے ڈیسک بجاکر انوکھا احتجاج کیا۔ خیبر پی کے اسمبلی اجلاس سپیکر مشتاق غنی کی زیر صدارت ایک گھنٹہ 24 منٹ تاخیر سے شروع ہوا تو 11 ویں سیشن کے چھٹے اجلاس کے دوران بھی اپوزیشن اراکان احتجاج کرتے رہے۔ اپوزیشن اراکین ڈیسک بجاتے رہے جبکہ بعض ارکان ڈیسک بجانے کے لیے ربڑ کے ہتھوڑوں کا استعمال کرتے نظر آئے اور کچھ سیٹیاں بجاتے رہے جس سے ایوان مچھلی بازار کا منظر پیش کرنے لگا۔ سپیکر مشتاق غنی اور سکیورٹی سٹاف اپوزیشن ارکان کو شور شرابا کرنے سے روکتے رہے لیکن ناکام رہے تاہم سپیکر نے ایجنڈے پرعمل جاری رکھا۔ اس دوران سپیکر نے سکیورٹی سٹاف اور پولیس اہلکاروں کو ایوان میں طلب کرتے ہوئے اپوزیشن اراکین سے ہتھوڑے لینے کا حکم دیا لیکن اپوزیشن ارکان نے ہتھوڑے دینے سے انکار کیا۔ ایک گھنٹہ 24 منٹ کی تاخیر سے شروع ہونے والا اسمبلی اجلاس محض 17 منٹ تک جاری رہ سکا اور سپیکر نے اجلاس 16 مارچ تک ملتوی کر دیا۔
خیبر پی کے اسمبلی: اپوزیشن کا سپیکر کے رویہ کیخلاف ہتھوڑوں سے ڈیسک بجا کر احتجاج
Mar 03, 2020