اسلام آباد( وقائع نگار خصوصی)وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے ملک میں مہنگائی میں کمی کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اشیاء خوردونوش کی قیمتیں 14.6 فیصد کی شرح سے کم ہو کر فروری میں 12.4 فیصد ہوگئیں، یہ کمی روزمرہ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں بھی دیکھنے میں آئیں جس کا براہ راست فائدہ عوام کو پہنچ رہا ہے، کھانے پینے سے ہٹ کر دیگر اشیائے ضروریہ کی قیمتیں ڈبل سے سنگل ڈیجیٹ میں آچکی ، مارچ کے مہینے میں قیمتوں میں مزید کمی آنے کا امکان ہے، وزیراعظم مہنگائی میں کمی اور عوام کو ریلیف دینے کیلئے پرعزم ہیں،ان کے عملی اقدامات کے ثمرات عوام تک پہنچنا شروع ہوچکے۔پیر کووزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ وزیراعظم عمران خان مہنگائی میں کمی اور عوام کو ریلیف دینے کیلئے پرعزم ہیں،ان کے عملی اقدامات کے ثمرات عوام تک پہنچنا شروع ہوچکے ہیں،سی پی آئی کے مطابق خوراک کی قیمتوں میں واضح کمی دیکھنے میں آئی ہے، اشیاء خوردونوش کی قیمتیں رواں سال جنوری کی 14.6 فیصد کی شرح کے مقابلے میں کم ہو کر فروری میں 12.4 فیصد ہوگئیں۔انہوں نے کہا ہے کہ شہری علاقوں میں اشیاء خوردونوش کی قیمتیں 13.4 فیصد (جنوری) سے کم ہوکر 11.2 فیصد (فروری) ہوگئیں۔دیہی علاقوں میں 16.3فیصد سے کم ہو کر 14.2 فیصد پر آچکی ہیں۔فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ یہ کمی روزمرہ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں بھی دیکھنے میں آئیں جس کا براہ راست فائدہ عوام کو پہنچ رہا ہے،کھانے پینے کی قیمتیں جنوری میں 19.5 فیصد تھیں جو فروری میں کم ہوکر 15.2 دو فیصد ہوگئیں،جبکہ کھانے پینے سے ہٹ کر دیگر اشیائے ضروریہ کی قیمتیں ڈبل سے سنگل ڈیجیٹ میں آچکی ہیں۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ مارچ کے مہینے میں قیمتوں میں مزید کمی آنے کا امکان ہے۔