مشرقِ اوسط اورشمالی افریقا میں کرونا وائرس سے 1600 سے زیادہ افراد متاثر

Mar 03, 2020 | 10:16

ویب ڈیسک

مشرقِ اوسط اور شمالی افریقا ( مینا) کے خطے میں کرونا وائرس مسلسل پھیل رہا ہے اور اس خطے کے ممالک میں اب تک سولہ سو سے زیادہ افراد اس مہلک وائرس کا شکار ہوچکے ہیں۔

کرونا وائرس دسمبر کے آخر میں چین کے وسطی شہر ووہان سے دنیا کے دوسرے ممالک میں پھیلا ہے۔چین سمیت دنیا بھرمیں اس وائرس سے تین ہزار سے زیادہ افراد مارے جاچکے ہیں اور90 ہزار سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں۔ان میں ساڑھے 42 ہزار مکمل طور پر صحت یاب ہوچکے ہیں۔چین کے بعد ایران کرونا وائرس سے متاثر دوسرا بڑا ملک ہے۔اس کی حکومت نے منگل تک اس مہلک وائرس سے 66 ہلاکتوں کی تصدیق کی ہے۔

ایران اور چین سے دوسرے ممالک کو لوٹنے والے مسافروں سے اب کرونا وائرس خطے بھر میں پھیل رہا ہے۔متحدہ عرب امارات میں 29 جنوری کو کرونا وائرس کے پہلے کیس کی تشخیص ہوئی تھی۔اس کے بعد پانچ چینی سیاح اس کا شکار ہوئے تھے اور یہ پانچوں ووہان سے یو اے ای میں آئے تھے۔یو اے ای نے اب تک اس مہلک وائرس کے 21 کیسوں کی تصدیق کی ہے۔

فروری کے آخر میں خطے کے ملکوں میں تیزی سے یہ مہلک وائرس پھیلنا شروع ہوا تھا اور ایران سے کویت ، عراق اور بحرین میں واپس آنے والے افراد اس مہلک وائرس سے لاحق ہونے والے مرض میں مبتلا پائے گئے ہیں۔

مزیدخبریں