امریکہ، طالبان معاہدہ کا خیرمقدم، پاکستانی کردار ہے تو تعریف کرتے ہیں: فضل الرحمن

پشاور(آئی این پی، نوائے وقت رپورٹ) جمعیت علما اسلام (ف)کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ افغان امن عمل میں اگرہمارے ملک نے کوئی کردار ادا کیا ہے تو ہم اسکی تعریف کرتے ہیں۔ پشاور میں جے یو آئی (ف)کے زیر اہتمام قبائل کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ پورے ایشیا کے جسم میں افغانستان کی اہمیت دل کی ہے، معاہدے کے بعد آپ جو امریکا کو کہہ سکیں وہ ہمیں بھی کہا کریں۔ انہوں نے کہا کہ جمعیت علمائے اسلام کو بار بار کہا گیا کہ افغان مسئلے پرکردار ادا کریں جس پر ہم نے بارہا کہا ایسے معاملات میں ریاست کردار ادا کر سکتی ہے شخص نہیں، اگرہمارے ملک نے کوئی کردار ادا کیا ہے تو ہم اسکی تعریف کرتے ہیں۔ مولانا فضل الرحمن کا کہنا تھا کہ ایک دور تھا جس میں بڑے بڑے منصوبے اور دیگر ترقی کے کام جاری تھے اس دورمیں سی پیک شروع ہوا، بجلی کے منصوبے شروع ہوئے اور ایک دور اب ہے جہاں معاشی خوشحالی، بکری، مرغی، انڈے اور کٹے کے منصوبوں سے آئیگی۔ مولانافضل الرحمن کا کہنا تھا کہ صرف 3بھینسیں تقسیم کی گئیں، وہ بھی صرف میڈیا پر دکھانے کیلئے کی گئیں۔ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ امریکہ طالبان معاہدے کا خیر مقدم کرتا ہوں، اس معاہدے کو ہم نے امن کیلئے مثبت قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اداروں اور قوتوں نے انضمام میں قبائلیوں کی رائے نہیں لینے دی۔ کانفرنس میں متفقہ طور پر 57 نکاتی قرارداد بھی منظور کی گئی جس میں کہا گیا کہ تعلیمی اداروں کا کوٹہ دگنا کرکے ہر ضلع میں یونیورسٹی قائم کی جائے۔ وفاق المدارس کی اسناد کی حیثیت کو بحال کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ انہی طالبان سے معاہدہ کیا جنہیں دہشت گرد قرار دیا۔ سب کچھ ہونے کے باوجود آج امریکہ کے پرانے بیانیے کی نفی ہوتی ہے۔ ہم نے ہمیشہ کہا تمام مسائل سیاسی عمل سے حل کئے جائیں۔ وقت نے ہمارے بیانیے کی تائید کی۔

ای پیپر دی نیشن

آج کی شخصیت۔۔۔۔ جبار مرزا 

جب آپ کبھی کسی کے لیے بہت کچھ کہنا چاہ رہے ہوتے ہیں لفظ کہیں بھاگ جاتے ہیں ہمیں کوئی ایسے الفظ ملتے ہی نہیں جو اس شخصیت پر کہہ ...