فیس بک ایشیا پیسفک کی انتظامی ٹیم کی ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے واجد ضیاسے ملاقات

اسلام آباد (نیوزرپورٹر)فیس بک ایشیا پیسفک کی انتظامی ٹیم نے ہیڈ آفس سیفٹی پالیسی امبر ہواکس اور منیجر ٹرسٹ اینڈ سیفٹی میچل زون کی قیادت میں ایف آئی اے ہیڈ کوارٹر اسلام آباد کا دورہ کیا اور ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے واجد ضیاسے ملاقات کی جس میں ایف آئی اے اور فیس بک کے مابین ڈیٹا شیئرنگ اور تعاون کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اے ڈی جی سی سی ڈبلیو احسان صادق اور ڈائریکٹر سی سی ڈبلیو وقار احمد چوہان نے سائبر کرائم کی روک تھام کیلئے سائبر کرائم ونگ کے کردار کو اجاگر کیا اور ونگ کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات سے آگاہ کیا۔ ملاقات میں ڈیٹا شیئرنگ اور سوشل میڈیا پر سائبر کرائم سے متعلق آگاہی اور دو طرفہ تعاون کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ فیس بک ٹیم نے ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ کے ساتھ ملکر فیس بک کی پالیسی کے مطابق سائبر کرائم کی روک تھام کیلئے قریبی روابط کے عزم کا اظہار کیا۔ فیس بک ٹیم نے پیشکش کی کہ ایف آئی اے کے سائبر کرائم ونگ کے افسران کو سوشل میڈیا کے جدید ٹرینڈز اور تکنیکس کے حوالے سے فیس بک تربیت فراہم کرنا چاہتی ہے۔ فیس بک ٹیم نے اتفاق کیا ہے کہ ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ کو سائبر کرائم کے حوالے سے تحقیقات سے متعلق ڈیٹا شیئرنگ کے عمل کو مزید تیز کیا جائے گا۔ ملاقات میں فیصلہ کیا گیا کہ ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ کے صوبے کی سطح پر فوکل پرسن نامزد کرے گا جس کا مقصد خواتین اور بچوں کیخلاف سائبر کرائم کے حوالے سے تحقیقات کیلئے ضروری ڈیٹا حاصل کرنا ہے۔

ای پیپر دی نیشن