پارک لین ریفرنس ، آصف زرداری پرفردجرم عائد کرنے کیلئے25مارچ کی تاریخ مقرر

اسلام آباد:احتساب عدالت نےپارک لین ریفرنس میں سابق صدر آصف زرداری کی حاضری سےاستثنیٰ کی درخواست منظور کرتے ہوئے فردجرم عائد کرنے کیلئے25 مارچ کی تاریخ مقرر کردی۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج اعظم خان نے جعلی اکانٹس کیس میں میگا منی لانڈرنگ اور پارک لین ریفرنس کی سماعت  کی ۔ پیپلزپارٹی شریک چئیرمین اورسابق صدر آصف علی زرداری کی ہمشیرہ فریال تالپور عدالت  کے روبرو  پیش  ہوئیں ،جبکہ آصف زرداری نے اپنے وکلا کے ذریعے ایک دن کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائرکی، جسے عدالت کی جانب سےمنظور کرلیا گیا ۔دوران سماعت جج محمد اعظم خان نے نیب پراسیکیوٹر سے خواجہ انور مجید کے بارے میں استفسارکرتے ہوئے کہا کہ وہ اس وقت کہاں ہیں ان کا کیا بنا ؟ جس پر نیب پراسیکیوٹر کی جانب سے عدالت کوآگاہ کیا گیا کہ دو ملین کے اخراجات کی درخواست موصول ہوئی ہے،ملزم گرفتار ہے، ویڈیو لنک کے ذریعے فردِ جرم عائد کی جائے ۔ نیب پراسیکیوٹر نے استدعا کرتے ہوئے کہا کہ ویڈیو لنک کے ذریعے فردِ جرم عائد کرنے کے لیے جیل حکام سمیت متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کی جائیں۔
عدالت نے پارک لین ریفرنس آصف زرداری پر فرد جرم کیلئے 25 مارچ کی تاریخ مقررکردی،عدالت کی جانب سے 25 مارچ کو فرد جرم عائد کرنے کیلئے تمام ملزمان کی حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ۔ احتساب عدالت نے میگا منی لانڈرنگ کیس اور پارک لین ریفرنس کی سماعت 25 مارچ تک ملتوی کردی۔ 

ای پیپر دی نیشن