کینیا میں گدھوں کے ذبیحہ پر پابندی لگا دی گئی

Mar 03, 2020 | 14:11

ویب ڈیسک

کینیا میں گدھوں کو ذبح کرنے اور ان کی کھالیں برآمد کرنے پر حکومت نے پابندی عائد کردی ہے۔فرانسیسی خبر رساںادارے کی جانب سے جاری رپورٹ کے مطابق کینیا کے وزیر کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ حکومت نے گدھوں کو ذبح کر کے ان کی کھالیں چین برآمد کرنے پر پابندی لگادی۔گدھے ذبح کرکے ان کی کھالوں کی تجارت کینیا میں عام تھی، جسے جانوروں کے حقوق کے کارکنوں اور تنظیموں کی جانب سے ظالم قرار دیا گیا تھا۔کینیا کے وزیر کا کہنا تھا کہ یہ پابندی عوام کے مطالبے پر رواں ہفتے لگائی گئی ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ عوام کی جانب سے اس پابندی کا مطالبہ اس لیے بھی کیا گیا جب بڑی تعداد میں لوگوں کے گدھے چوری ہونے لگے۔ یہ گدھے زیادہ تر کسان اپنے کاموں کیلئے استعمال میں لاتے ہیں، تاہم ان کی چوری سے کسانوں کو نقصان کا سامنا تھا۔کینیا کی حکومت کو گدھوں کے گوشت کا کاروبار کرنے والوں کو ایک مہینے کی مہلت دی گئی ہے، تاکہ وہ متبادل کے طور پر کوئی دوسرا کام تلاش کرسکیں۔خیال رہے کہ کینیا میں گدھوں کو ذبح کرنے کے بعد ان کی کھالیں چین روانہ کی جاتی ہیں جہاں اس سے روایتی دوائیں تیار کی جاتی ہیں۔ یہ دوائیں خون کی گردش بڑھانے، بڑھاپا روکنے اور دیگر بیماریوں میں استعمال ہوتی ہیں۔

مزیدخبریں