لاہور(چودھری اشرف) ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ میں لاہور قلندرز نے اسلام آباد یونائٹیڈ کو جیت کے لیے 210 رنز کا ہدف دیدیا۔ لاہور قلندرز نے پہلے کھیلتے ہوئے 5 وکٹوں پر 209 رنز بنائے جس میں بین ڈنک کے شاندار 93 اور سمیت پٹیل کے 71 رنز شامل تھے۔ تفصیلمات کے مطابق قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلے جانے والے اس میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹر ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ لاہور قلندرز کی جانب سے فخر زمان اور کرس لین نے اننگز کا آغاز کیا۔ پہلے اوورز میں دونوں کھلاڑیوں نے دفاعی انداز اپنایا تاہم اگلے اوور میں جارحانہ کھیل پیش کرنا شروع کر دیا۔ لاہور کا سکور 36 پر پہنچا تو اس موقع پر فخر زمان کوئٹہ کے محمد نواز کو بڑی شاٹ کھیلنے کی کوشش میں باونڈری لائن پر کھڑے انور علی کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہو گئے۔ فخر زمان نے 14 گیندوں پر دو چوکوں کی مدد سے 15 رنز بنائے۔ لاہور کو دوسرا نقصان 49 کے سکور پر اٹھانا پڑا جب کرس لین کوئٹہ کے محمد حسنین کی باہر جاتی ہوئی بال کو کھیلنے کی کوشش میں وکٹ کیپر سرفراز احمد کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہو گئے۔ کرس لین نے 22 گیندوں پر چار چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 27 رنز سکور کیے۔ محمد حفیظ میدان میں آئے لیکن بغیر کوئی رن بنائے فواد احمد کا شکار ہو کر پویلین لوٹ گئے۔ حفیظ نے اپنے آخری میچ میں اسلام آباد کے خلاف 98 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی تھی۔لاہور قلندرز کے 100 رنز 13.3 اوورز میں مکمل ہوئے۔ بین ڈنک نے انور علی کو چھکا لگا کر لاہور کا سکور 102 پر پہنچا دیا۔ بین ڈنک نے اپنی نصف سنچری 28 گیندوں پر 5 چھکوں اور دو چو کوں کی مدد سے مکمل کی۔ بعد ازاں سمیت پٹیل نے بھی اپنے کیرئر کی نصف سنچری مکمل کی۔ انہوں نے 31 گیندوں پر سات چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 51 رنز بنائے۔ بین ڈنک اور سمیت پٹیل کے درمیان چوتھی وکٹ کی شراکت میں 155 رنز کی پارٹنر شپ قائم ہوئی۔ 205 کے سکور پر لاہور کی چوتھی وکٹ سمیت پٹیل کی گری جو 40 گیندوں پر 9 چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 71 رنز بنا کر بین کٹنگ کی گیند پر محمد نواز کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہوئے۔ اننگز کی آخری گیند پر لاہور ٹیم کے بین ڈنک 93 رنز بنا کر بین کٹنگ کی گیند پر احسان علی کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہو گئے۔ بین ڈنک نے 43 گیندوں کا سامنا کیا جس میں تین چوکوں اور 10 چھکوں کی مدد سے 93 رنز سکور کیے۔ سہیل اختر بغیر کسی سکور کے ناٹ آوٹ رہے۔ لاہور قلندرز نے اپنے 20 اوورز کے کوٹہ میں 5 وکٹوں پر 209 رنز بنائے اور کوئٹہ کو جیت کے لیے 210 رنز کا ہدف دیا۔ کوئٹہ کی جانب سے باولنگ میں بین کٹنگ نے دو، محمد حسنین، فواد احمد اور محمد نواز نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
پی ایس ایل: لاہور قلندرز کا کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو جیت کے لیے 210 رنز کا ہدف دیدیا
Mar 03, 2020 | 20:50