پی ایس ایل فائیو: لاہور قلندرز نے پہلی فتح کا مزا چکھ لیا، کوئٹہ گلیڈی ایٹر کو 37 رنز سے ہرا دیا

Mar 03, 2020 | 23:12

چودھری اشرف

لاہور(چودھری اشرف) ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ میں لاہور قلندرز نے پہلی فتح کا مزا چکھ لیا۔ لاہور قلندرز نے دفاعی چیمپیئن کوئٹہ کو 37 رنز سے شکست دی۔ بین ڈنک کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ لاہور قلندرز نے پہلے کھیلتے پانچ وکٹوں پر 209 رنز سکور کیے جس میں بین ڈنک نے شاندار 93 رنز کی اور سمتھ پٹیل نے 71 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ جواب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹر ٹیم 20 اوورز میں 172 رنز بنا کر آوٹ ہو گئی۔

تفصیلات کے مطابق قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلے جانے والے اس میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹر ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ لاہور قلندرز کی جانب سے فخر زمان اور کرس لین نے اننگز کا آغاز کیا۔ پہلے اوورز میں دونوں کھلاڑیوں نے دفاعی انداز اپنایا تاہم اگلے اوور میں جارحانہ کھیل پیش کرنا شروع کر دیا۔ لاہور کا سکور 36 پر پہنچا تو اس موقع پر فخر زمان کوئٹہ کے محمد نواز کو بڑی شاٹ کھیلنے کی کوشش میں باونڈری لائن پر کھڑے انور علی کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہو گئے۔ فخر زمان نے 14 گیندوں پر دو چوکوں کی مدد سے 15 رنز بنائے۔ لاہور کو دوسرا نقصان 49 کے سکور پر اٹھانا پڑا جب کرس لین کوئٹہ کے محمد حسنین کی باہر جاتی ہوئی بال کو کھیلنے کی کوشش میں وکٹ کیپر سرفراز احمد کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہو گئے۔ کرس لین نے 22 گیندوں پر چار چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 27 رنز سکور کیے۔ محمد حفیظ میدان میں آئے لیکن بغیر کوئی رن بنائے فواد احمد کا شکار ہو کر پویلین لوٹ گئے۔ حفیظ نے اپنے آخری میچ میں اسلام آباد کے خلاف 98 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی تھی۔لاہور قلندرز کے 100 رنز 13.3 اوورز میں مکمل ہوئے۔ بین ڈنک نے انور علی کو چھکا لگا کر لاہور کا سکور 102 پر پہنچا دیا۔ بین ڈنک نے اپنی نصف سنچری 28 گیندوں پر 5 چھکوں اور دو چو کوں کی مدد سے مکمل کی۔ بعد ازاں سمیت پٹیل نے 31 گیندوں پر سات چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 51 رنز بنائے۔ بین ڈنک اور سمیت پٹیل کے درمیان چوتھی وکٹ کی شراکت میں 155 رنز کی پارٹنر شپ قائم ہوئی۔ 205 کے سکور پر لاہور کی چوتھی وکٹ سمیت پٹیل کی گری جو 40 گیندوں پر 9 چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 71 رنز بنا کر بین کٹنگ کی گیند پر محمد نواز کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہوئے۔ اننگز کی آخری گیند پر لاہور ٹیم کے بین ڈنک 93 رنز بنا کر بین کٹنگ کی گیند پر احسن علی کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہو گئے۔ بین ڈنک نے 43 گیندوں کا سامنا کیا جس میں تین چوکوں اور 10 چھکوں کی مدد سے 93 رنز سکور کیے۔ سہیل اختر بغیر کسی سکور کے ناٹ آوٹ رہے۔ لاہور قلندرز نے اپنے 20 اوورز کے کوٹہ میں 5 وکٹوں پر 209 رنز بنائے اور کوئٹہ کو جیت کے لیے 210 رنز کا ہدف دیا۔ کوئٹہ کی جانب سے باولنگ میں بین کٹنگ نے دو، محمد حسنین، فواد احمد اور محمد نواز نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

210 رنز کے ہدف کے تعاقب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹر کے جیسن روئے اور شان واٹسن نے اننگز کا آغاز کیا۔ دونوں کھلاڑیوں نے پہلی اننگز میں 28 رنز بنائے۔ اس موقع پر لاہور کے سمیت پٹیل نے جیسن روئے کو 12 کے انفرادی سکور پر کلین بولڈ آوٹ کر دیا۔ نئے کھلاڑی احسن علی میدان میں آئے۔ 39 کے سکور پر کوئٹہ کی دوسری احسن علی کی گری۔ انہوں نے دو رنز بنائے اور دلبر کا شکار ہوئے۔ کپتان سرفراز احمد کوئٹہ کے آوٹ ہونے والے تیسرے کھلاڑی تھے ۔ انہیں 9 کے انفرادی سکور پر سمیت پٹیل نے محمد حفیظ کے ہاتھوں کیچ آوٹ کیا۔ کوئٹہ کا سکور 50 رنز تھا۔ 53 کے ٹوٹل پر کوئٹہ کو چوتھا نقصان پر اٹھانا پڑا جب لاہور قلندرز کے دلبر نے شین واٹسن کو وکٹوں کے پیچھے بین ڈنک کے ہاتھوں آوٹ کرا کے پویلین کی راہ دکھائی۔ 79 کے ٹوٹل پر کوئٹہ کی پانچویں وکٹ اعظم خان کی گری جو 12 رنز بنا کر سلمان ارشاد کا شکار ہوئے۔ کوئٹہ کی چھٹی وکٹ محمد نواز کی گری انہوں نے 24 رنز بنائے اور وہ محمد فیضان کی گیند پر دلبر کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہوئے۔ 116 کے ٹوٹل پر انور علی کوئٹہ کے آوٹ ہونے والے ساتویں کھلاڑی تھے وہ صرف چار رنز بنا کر فیصان کی گیند پر حفیظ کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہوئے۔ کوئٹہ کی آٹھویں وکٹ بین کٹنگ کی گری انہوں نے کوئٹہ کی جانب سے 27 گیندوں پر 3 چوکوں اور پانچ چھکوں کی مدد سے زیادہ 53 رنز کی اننگز کھیلی۔ انہیں محمد فیضان نے حفیظ کے ہاتھوں کیچ آوٹ کیا۔ کوئٹہ کی نویں وکٹ فواد حسین کی گری انہوں نے 13 رنز بنائے اور سلمان ارشاد کی گیند پر کلین بولڈ آوٹ ہوئے۔ 172 کے ٹوٹل پر کوئٹہ کی پوری ٹیم آوٹ ہو گئی، کوئٹہ کی آخری وکٹ نسیم شاہ کی گری وہ صرف 7 رنز بنا کر سلمان ارشاد کا شکار ہوئے۔ لاہور قلندرز کی جانب سے باولنگ میں سلمان ارشاد نے چار جبکہ محمد فیضان، دلبر حسین اور سمتھ پٹیل نے دو دو کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔

مزیدخبریں