کرونا مزید 42اموات ، 1163 نئے کیس ، 14 فیصد ڈاکٹرز کا ویکسین لگوانے سے انکار

اسلام آباد‘ فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی + آئی این پی+‘آن لائن) کرونا وائرس سے مزید  42 افراد جاں بحق ہونے  کے بعد اموات کی تعداد 12 ہزار 938  ہوگئی۔ پاکستان میں کرونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 5 لاکھ 82 ہزار 528  ہوگئی۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ایک ہزار 163 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔ پنجاب میں 5  ہزار 391، سندھ میں 4  ہزار 353، خیبر  پی کے میں 2  ہزار 85، اسلام آباد میں 501، بلوچستان میں 200، گلگت بلتستان میں 102 اور آزاد کشمیر میں 306 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ گیلپ پاکستان کے سروے میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ ملک کے 81 فیصد ڈاکٹرز کرونا کی ویکسین لگوانے کیلئے تیار ہیں جبکہ 14 فیصد نے ویکسین لگوانے سے انکار کر دیا۔ پاکستان اسلامک میڈیکل ایسوسی ایشن کے گیلپ پاکستان کے تعاون سے ملک بھر میں 500 سے زائد ڈاکٹروں سے سروے کیا گیا۔ سروے رپورٹ میں یہ بات سامنے آئی کہ کرونا ویکسین لگوانے کے ارادے کے باوجود 59 فیصد کو اب تک ویکسین دستیاب نہیں جبکہ 41 فیصد نے ویکسین ملنے کا بتایا۔ فیصل آباد میں تعینات ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو فضل ربی چیمہ، وزیراعلی پنجاب کے پرنسپل سیکرٹری طاہر خورشید جو کہ اے ڈی سی کے سسر ہیں سمیت دیگر اہلخانہ میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ فضل ربی چیمہ کی والدہ کی حالت تشویشناک ہو گئی ہے جس پر انہیں لاہور کے نجی ہسپتال کے کرونا وارڈ میں داخل کروا دیا گیا ہے جبکہ فیملی میں دیگر افراد جن میں ان کی اہلیہ بھی شامل ہیں وہ بھی کرونا سے متاثر ہوئے ہیں۔کرونا ٹیسٹ مثبت آنے پر تمام فیملی ممبران نے خود کو قرنطینہ کر لیا ہے۔ کرونا ویکسین کو درآمد کرنے کے لئے پرائیویٹ فارما کمپنیوں کے لئے منظوری کا عمل جاری ہے۔ کرونا ویکسین کے حوالے سے منگل کو نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کا اجلاس ہوا جس میں بتایا گیا کہ نجی سیکٹر کی فارما سوٹیکل کمپنیوں اور نجی ہسپتالوں نے ڈریپ کو کرونا ویکسین درآمد کرنے کے لئے درخواستیں جمع کرائی ہیں اور پراسیس جاری ہے۔ 65 سال اور زائد عمر کے شہریوں کیلئے حکومت کی کووڈ 19 ویکسی نیشن مہم رواں ہفتے سے شروع ہونے والی ہے اور تقریباً 80 لاکھ شہریوں میں سے صرف 2.25 فیصد یعنی ایک لاکھ 80 ہزار افراد نے اب تک اپنا اندراج کروایا ہے۔ سندھ میں کرونا صورتحال میں بہتری کے بعد لاک ڈاؤن میں لگائی گئی پابندیوں میں مزید نرمی کر دی گئی۔ تاہم انڈور شادیوں‘ انڈور ڈائننگ اور سینما کھلنے کے بارے میں 10 مارچ کو این سی او سی کے اجلاس میں فیصلہ کیا جائے گا۔عالمی ادارہ صحت نے کہا ہے کہ رواں برس  کرونا کی وبا کے خاتمے کی امید غیر حقیقیت پسندانہ ہے۔

ای پیپر دی نیشن