فیروز والہ (نامہ نگار) کالا خطائی روڈ پر زمینداروں اور کسانوں نے راوی ریور فرنٹ پراجیکٹ میں زمین ایکوائر کرنے اور ریٹ کم لگانے پر انتظامیہ کے خلاف شدید احتجاج کیا۔ سڑک پر بڑی تعداد میں ٹریکٹر کھڑے کر کے ٹریفک بلاک کر دی۔ جس سے مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ احتجاج کے دوران محکمہ ریونیو کے افسران کی گاڑیاں بھی مظاہرین نے روک دیں۔ پولیس نے مداخلت کر کے ٹریفک کا نظام بحال کروایا۔ زمینوں کا ریٹ 2 لاکھ روپے فی ایکڑ دئیے جانے پر زمینداروں اور کسانوں نے اس ریٹس کو نا منظور قرار دیا اور نعرہ بازی کی۔ زمینداروں نے الزام عائد کیا ہے کہ ہمارا رقبہ 50 لاکھ روپے سے1 کروڑ روپے فی ایکڑ کا ہے مگر انتظامیہ ریٹس کم دے رہی ہے۔ زمینداروں نے مطالبہ کیا کہ لاہور میں آنے والا رقبہ اسی ایریا سے ملحقہ ہے مگر وہاں ریٹس زیادہ دیئے گئے ہیں۔ زمینداروں کے احتجاج پر کھلی کچہری کے دوران ہنگامہ آرائی ہوئی۔ کسانوں نے توڑ پھوڑ بھی کی پولیس اور انتظامیہ نے حالات کو کنٹرول کر لیا۔ یقین دہانی پر احتجاج ختم کر دیا گیا۔
کالا خطائی روڈ پر ٹریکٹر کھڑے کر کے کسانوں کا احتجاج‘ ٹریفک روک دی
Mar 03, 2021