ماحولیاتی بگاڑ روکنے کیلئے پولی تھین بیگزسے نجات ناگزیر ہے،زرتاج گل 

Mar 03, 2021

اسلام آباد(نیوزرپورٹر)وزیر مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل نے کہا ہے کہ ماحولیاتی بگاڑ کو روکنے کے لیے ماحول دشمن پولی تھین بیگز کے استعمال سے نجات حاصل کرنا ناگزیر ہے، ان بیگز کے استعمال، خریدوفروخت اور پیداوار پر مکمل پابندی کی خلاف ورزی پر جرمانے عائد کرنا شروع کر دیئے ہیں، وزیراعظم عمران خان کے صاف سرسبز پاکستان وژن کے تحت جاری منصوبوں کی کامیابی کا دارومدار پورے ملک میں ماحول دوست طریقہ زندگی اپنانے، قدرتی وسائل کے دانشمندانہ استعمال اور شجرکاری کو فروغ دینے پر ہے۔ منگل کو پولی تھین بیگز پر پابندی کے حوالے سے ایک تقریب  سے خطاب اور بعد ازاں  میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پولی تھین بیگز کے استعمال اور خریدوفروخت کو روکنے کے لیے مختلف انفورسمنٹ ٹیمیں تشکیل دیدی گئی ہیں، جو وفاقی دارالحکومت اسللام آباد کی مختلف تجارتی مراکز کا دورہ کرکے ان دکانداروں اور استعمال کندگان پر جرمانے عائد کررہی ہیں جو پولی تھین بیگز کا استعمال اور خریدوفروخت جاری رکھے ہوئے ہیں۔ وزیر مملکت زرتاج گل نے لوگوں پر زور دیا کہ بھاری جرمانے سے بچنے کے لیے حکومتی اقدام کی پاسداری کرکے پولی تھین بیگز کے استعمال کو مکمل طور پر ترک کردیں۔ انہوں نے کہا کہ مختلف شعبوں سے منسلک لوگوں میں پولی تھین بیگز کے ماحول اور انسانی صحت پر منفی اثرات اور اس پر مکمل پابندی کے حوالے سے گذشتہ مہینے کے دوران آگاہی مہم چلائی گئی ہے۔ تاہم اب وفاقی دارالحکومت میں پولی تھین شاپنگ بیگز پر یکم مارچ سے مکمل پابندی عائد کردی گئی ہے۔ اس سلسلے میں اسلام آباد کے مختلف تجارتی مراکز میں چھاپے مارے جارہے ہیں۔ اب تک لاکھوں روپے کے جرمانے اور کئی سینکڑو پولی تھین بیگز کے تھیلے ضبط کئے گئے ہیں۔ 

مزیدخبریں