اسلام آباد(نا مہ نگار) وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت شفقت محمود نے برطانوی ہائی کمشنر کو یقین دہانی کرائی ہے کہ غیر مسلم اقلیتی طلبہ و طالبات کو اسلامیات کی بجائے انکے اپنے مذہبی اقدار کو پڑھایا جائے گا،یکساں تعلیمی نصاب میں ایلیٹ پرائیویٹ اسکولز میوزک اور ڈانس کی کلاسز دینے میں آزاد ہیں، یہ بھی یقینی بنا رہے ہیں کہ کسی مدرسہ میں اشتعال انگیز یا نفرت پر مبنی کسی قسم کا لٹریچر نہ پڑھایا جائے اور کوئی سیاسی لیڈر اپنے سیاسی مقاصد کے لئے مدارس کے طلبہ کا استعمال نہ کر سکے۔گزشتہ روز برطانوی ہائی کمشنر ڈاکٹر کرسچین ٹرنر سے ملاقات کے دوران وفاقی وزیر شفقت محمود نے کہا کہ مسیحی، ہندو، سکھ، بہائی مت اور کیلاش کمیونٹی کے لئے علیحدہ مضمون جو کہ ان مذاہب کے اکابرین اور سکالرز کی مشاورت و معاونت سے تیار کیا گیا ہے۔وفاقی وزیر نے یکساں تعلیمی نصاب پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے کہا کہ پانچویں گریڈ تک انگلش، میتھمیٹکس اور سائنس ، انگریزی میں جبکہ اردو اور اسلامیات اردو میں پڑھائے جائیں گے۔ سوشل سڈیز اور جنرل نالج اردو میں جبکہ انگلش کی اصطلاحیں بھی ان مضامین میں شامل ہونگی۔ تاہم چھٹی سے آٹھویں کلاس تک انگلش اجزا کا بتدریج اضافہ کیا جائے گا۔ اور آٹھویں کے بعد طلبہ اپنی مرضی سے انٹرنیشنل کوالیفیکیشن یا نیشنل کوالیفیکیشن کا انتخاب کر سکتے ہیں۔
غیر مسلم طلبہ کو اسلامیات کی بجائے انکے اپنے مذہبی اقدار کو پڑھایا جائے گا،وزیر تعلیم
Mar 03, 2021