کراچی (نیوزرپورٹر) تحریک لبیک پاکستان نے سینٹ الیکشن میں ہارس ٹریڈنگ کا حصہ بننے سے انکار کرتے ہوئے جنرل اور خواتین نشستوں پر اپنے ووٹ ضائع کرنے کا اعلان کردیا۔ تحریک لبیک یارسول پاکستان سندھ کے امیر علامہ غلام غوث بغدادی،امیر کراچی علامہ رضی حسینی،ایم پی اے مفتی قاسم فخری،امیدوار برائے سینٹ یشاء اللہ خان، ناظم اعلی سندھ صوفی یحیی قادری، ایم پی اے یونس سومرو، ایم پی اے ثروت فاطمہ صاحبہ نے پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بدھ 3 مارچ کو سینٹ انتخابات کا میدان لگ چکا ہے، جوڑ توڑ کا سلسلہ جاری ہے،اربوں روپے کا کاروبار کیا جارہا ہے اور ٹکٹ جاری ہونے سے لیکر ووٹ حاصل کرنے کی جدوجہد اربوں روپے کا کھیل بن چکی ہے، تجوریاں بھری اور آئندہ بھرنے کی امید پر خالی کی جارہی ہیں، چند روز پہلے تک عوام کے غم میں ہلکان اپوزیشن اور عوام کو سہولیات دینے کی بات آنے پر خالی خزانہ کا رونا رونے والی حکومت ہر کوئی خزانوں کا منہ کھولے بیٹھا ہے اور منڈی لگی ہوئی ہے جہاں عوامی ووٹوں سے منتخب نمائندے بکنے کے لیے زیادہ بولی کی راہ تک رہے ہیں۔ چنانچہ تحر یک لبیک پاکستان سندھ کابینہ اور پارلیمانی بورڈ نے موجودہ صورتحال میں انتہائی غور ومشاورت کے بعد متفقہ طور پر یہ فیصلہ کیا ہے کہ اپنا ووٹ ضائع کردینا بہتر ہے بجائے اسکے کہ یہ پاکیزہ امانت کسی اسلام دشمن، دینی تشخص کے مخالف اور پاکستان کو دیمک کی طرح چاٹنے والے اور عوام کا خون چوسنے والوں کو دی جائے۔
تحریک لبیک کا جنرل اور خواتین نشستوں پر اپنے ووٹ ضائع کرنے کا اعلان
Mar 03, 2021