کاٹن یارن کی عدم دستیابی پرصنعتوں کی بندش کی پیشگوئی  

Mar 03, 2021

کراچی(کامرس رپورٹر)ویلیوایڈڈ ٹیکسٹائل سیکٹر کے برآمد کنندگان نے کاٹن یارن کی مطلوبہ مقدار میں عدم دستیابی برقرار رہنے کی صورت میں برآمدی صنعتوں کی بندش کی پیشگوئی کردی ہے۔برآمدکنندگان نے کاٹن یارن کی عدم دستیابی پر لاہور فیصل آباد اور ملتان کی برآمدی صنعتوں کی مشاورت سے احتجاجی لائحہ عمل مرتب کرنے کا اعلان کردیاہے۔ منگل کو پی ایچ ایم اے ہاوس میں پاکستان اپیرل فورم کے تحت پی ایچ ایم اے، ٹی ایم اے، پریگمیا سمیت دیگر ویلیوایڈڈ ٹیکسٹائل سیکٹر کی ایسوسی ایشنز کے نمائندوں زبیرموتی والا،جاوید بلوانی،اسلم کارساز، مزمل حسین،عامر حسن لاری،دانش جاوید،کامران چاندنہ ، طارق منیر،نوید الٰہی،ریاض احمد،شیخ محمدشفیق اور صدر سائٹ ایسوسی ایشن عبدالہادی کی مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بزنس مین گروپ کے چئیرمین زبیر موتی والا نے کہا کہ دھاگے کی ایک فیصد اضافی پیداوار 18فیصد اضافی ایکسپورٹ کے لئے ناکافی ہے،حکومت اگر ایکسپورٹ نہیں بڑھانا چاہتی تو یہ اسکا فیصلہ ہے لیکن ایکسپورٹ بڑھانے کے لئے حکومت کو یارن کی ڈیوٹی فری امپورٹ کی اجازت دینا ہوگی۔ پریس کانفرنس سے مسئلہ حل نہ ہونے کی صورت میں ویلیو ایڈڈ سیکٹر اپنے مطالبے کی منظوری کے لئے احتجاج کا دائرہ کار بڑھانے پر مجبور ہوجائے گی۔

مزیدخبریں