لاہور (نیوز رپورٹر) پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میاں حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ یوسف رضاگیلانی اچھے امیدوار ہیں، امید ہے کامیاب ہونگے۔ آج اس حکومت سے کوڑا نہیں اٹھایا جا رہا ہے۔ الیکشن کمشن نے ڈسکہ الیکشن پر اچھا فیصلہ دیا۔ پاکستان کہاں کھڑا ہے اس کے متعلق تمام سٹیک ہولڈ ر کو مل بیٹھ کر سوچنا ہوگا۔ تین سال بعد بھی مہنگائی کا دور ختم نہیں ہو رہا۔ باقی ملک قرض پر چل رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یوسف رضا گیلانی پی ڈی ایم کے مشترکہ امیدوار ہیں۔ ان کی جیت پارٹی کی جیت ہے۔ یوسف رضا گیلانی کی جیت کے لئے تمام ممکنہ پارٹی وسائل بروئے کار لائیں جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ فارن فنڈنگ کیس چھ سال سے سرد خانے میں پڑا ہے۔ احتساب کا نعرہ بلند کرنے والوں کو بی آر ٹی اور دیگر کیسز کیوں نظر نہیں آتے۔ معیشت زمین بوس ہو چکی ہے۔ واضح رہے کہ سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کو سینیٹر بنانے کے لئے حمزہ شہباز اسلام آباد روانہ ہوگئے۔ پارٹی ذرائع کے مطابق اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز نے ہدایت کی ہے کہ ن لیگ کے ارکان قومی اسمبلی اسلام آباد ہر صورت پہنچیں۔
تو قع ہے گیلانی کامیاب ہونگے‘ ارکان ہر صورت ا سلام آباد پہنچیں: حمزہ شہباز
Mar 03, 2021