گلیڈی ایٹرز تینوں شعبوں میں ناکام‘ حسن علی کی بہترین فارم جاری 

Mar 03, 2021

لاہور (حافظ محمد عمران/ نمائندہ سپورٹس) حسن علی اور فہیم اشرف کی بہترین باؤلنگ اور سٹرلنگ کی جارحانہ بیٹنگ کی بدولت اسلام آباد نے کوئٹہ کو باآسانی شکست دے دی۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کھیل کے تینوں شعبوں میں ناکام رہے۔ کوئٹہ کے باؤلرز کی خراب باؤلنگ کا سلسلہ جاری رہا۔ فاسٹ باؤلر نسیم شاہ کا کم بیک ہوا لیکن وہ پہلے اوور میں متاثر کن گیند بازی نہ کر سکے۔ سٹرلنگ فاسٹ باؤلرز کی رفتار کا استعمال کرتے ہوئے گیند کو باؤنڈری کی طرف کھیلتے رہے۔ ڈیل سٹین کے پہلے اوور میں بھی سترہ رنز سمیٹے۔ گلیڈی ایٹرز یونائیٹڈ کو رنز بنانے سے نہ روک سکے۔ سرفراز اپنے باؤلرز کو مسلسل فیلڈنگ کے مطابق باؤلنگ کے لیے کہتے رہے لیکن گیند باز کپتان کی توقعات کے مطابق بائولنگ نہ کر سکے۔ روحیل نذیر کا اسلام آباد یونائیٹڈ سے ڈیبیو ہوا۔ وہ مسلسل شاٹس کھیلنے کی کوشش کرتے رہے۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا آغاز اچھا نہ تھا۔ صائم ایوب کی ناکامیوں کا سلسلہ طویل ہوا۔ وہ ایک مرتبہ پھر بڑا سکور کرنے میں ناکام رہے۔ حسن علی کی بہترین فارم کا سلسلہ جاری رہا۔ حسن علی کا گیند پڑ کر تیزی سے اندر آیا اور ڈوپلیسی کو گراؤنڈ چھوڑنا پڑا۔ اعظم خان بھی گرتی وکٹوں کا دباؤ برداشت نہ کر سکے اور چلتے بنے۔ گیارہ اوورز تک اسلام آباد یونائیٹڈ کے باؤلرز نے اچھی گیند بازی کا مظاہرہ کیا۔ گلیڈی ایٹرز کو شراکت داری قائم کرنے کا موقع نہیں دیا اور مسلسل وکٹیں حاصل کرتے رہے۔ سرفراز احمد ایک اینڈ پر جمے رنز بنانے کی کوشش کرتے رہے۔ افتخار احمد کے ایک اوور میں تین چھکے لگا کر اپنا سٹرائیک ریٹ بھی بہتر کیا اور نصف سنچری بھی مکمل کی۔ گیند مسلسل سوئنگ ہونے کی وجہ سے گلیڈی ایٹرز کو رنز بنانے میں مشکلات کا سامنا رہا۔ حسن اور فہیم کی نپی تلی باؤلنگ نے کوئٹہ کو بڑا سکور کرنے سے روکے رکھا۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز ابھی تک بہتر کامبی نیشن بنانے میں ناکام رہی ہے۔ ان کے ٹاپ پلیئرز پرفارم کرنے میں ناکام رہے ہیں۔ ان کی مسلسل ناکامیوں کی سب سے بڑی وجہ یہی ہے جبکہ اسلام آباد کے اہم کھلاڑی اپنا کردار نبھا رہے ہیں۔

مزیدخبریں