یونائیٹڈ نے گلیڈی ایٹرز کو ہرادیا مزید 2کھلاڑی کوچ کرونا کا شکار

لاہور (نمائندہ سپورٹس) فہیم اشرف کی11رنز کے عوض تین وکٹیں اور پال سٹرلنگ کی برق رفتار 56 رنز کی اننگز کی بدولت اسلام آباد یونائیٹڈ نے 157رنز کا ہدف 18 گیندیں قبل حاصل کر کے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 6 وکٹوں سے ہرا دیا۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم مقررہ بیس اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 156 رنز ہی بنا سکی تھی۔ فاتح ٹیم کے اوپنرز پال سٹرلنگ اور ایلکس ہیلز نے اننگز کا آغاز ہی جارحانہ انداز میں کیا اور پاور پلے میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے باؤلرز کی خوب دھنائی کی۔ دونوں اوپنرز نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 35 گیندوں پر 76 رنز کی زبردست اوپننگ شراکت قائم  کی۔ روحیل نذیر 34 اور کپتان شاداب خان21 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ جس کے بعد آصف علی نے 1 چھکا اور 2 چوکے لگا کر میچ ختم کر دیا۔ وہ 16 رنز بنا کرکریز موجود رہے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ نے 157رنز کا ہدف 17 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے زاہد محمود نے 2جبکہ ڈیل سٹین اور محمد حسنین نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ اوپنرز صائم ایوب اور کیمرون ڈیلپورٹ بالترتیب 5 اور 1 کے انفرادی سکور پر آؤٹ ہوئے۔ فاف ڈوپلیسی 17، اعظم خان 4 اور بین کٹنگ 23 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ ایسے میں ایک اینڈ سنبھالنے والے کپتان سرفراز احمد کا ساتھ دینے کے لیے محمد نواز میدان میں آئے۔ انہوں نے کپتان کے ہمراہ چھٹی وکٹ کے لیے 63 رنز کی اہم شراکت قائم کر کے ٹیم کا مجموعہ 150 سے زائد پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔ کپتان سرفراز احمد نے 31 گیندوں پر اپنی نصف سنچری مکمل کر لی۔ محمد نواز 31 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ حسن علی نے 23 رنز کے عوض 2 وکٹیں حاصل کیں۔ دریں اثناء پی ایس ایل 6 پر کرونا وائرس کے وار،مزید 3 ارکان کا ٹیسٹ مثبت آ گیا جس کے بعد کرونا متاثرین کی تعداد 4 ہو گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق اسلام آباد یونائیٹڈ کے برطانوی آل راؤنڈر لوئس گریگوری کرونا کا شکار ہو گئے۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے انگلش بلے باز ٹام بینٹن کا بھی کرونا ٹیسٹ مثبت آ گیا۔ کراچی کنگز کے فیلڈنگ کوچ کامران خان بھی کرونا وائرس میں مبتلا ہو گئے۔ تینوں کھلاڑیوں اور فیلڈنگ کوچ کامران خان کو 10 دن کیلئے فوری طور پر قرنطیہ کر دیا گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کرونا کا شکار ہونے والے ارکان قرنطینہ مکمل کرکے دو منفی نتائج کے بعد ٹیموں کو دوبارہ جوائن کر سکیں گے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر میڈیا سمیع الحسن برنی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان سپر لیگ کے سیزن 6 کا کوئی میچ ملتوی نہیں ہوگا۔ میچز شیڈول کے مطابق ہوں گے۔ کل سے 244 پی سی آر ٹیسٹ کروائے ہیں۔ فواد احمد مثبت ہوئے تھے۔ 244 میں سے تین افراد کی رپورٹ مثبت آئی ہے۔ کرونا مثبت آنیوالوں کو قرنطینہ کر دیا گیا ہے۔ ان افراد کے ریپنٹ ٹیسٹ جمعرات کو کیا جائیگا۔ اس وقت ببل کے اندر تین سو کے قریب لوگ ہیں۔ نیشنل سٹیڈیم براڈ کاسٹنگ سٹاف کے بھی ٹیسٹ کئے جا چکے ہیں۔ 112 براڈ کاسٹک سٹاف کے بھی ٹیسٹ کئے جا چکے ہیں۔ کسی بھی پلیئر کو آئسو لیشن میں نہیں بھیجا۔ ماسک اور ڈسٹینس کیلئے کہا گیا ہے۔ سری لنکن پریمئر لیگ کے وقت حالات مختلف تھے۔ اس وقت پوری دنیا کی حالت مختلف ہے۔ تمام کھلاڑیوں کے کرونا ٹیسٹ دوبارہ کئے جا رہے ہیں۔ معاملے کو کسی کی کوتاہی کہنا مناسب نہیں۔ ٹیسٹ پازیٹو آنے والے چاروں ارکان کو بہترین سہولیات دی جا رہی ہیں۔ ان کا اپنی فیملیز اور بورڈز سے رابطہ ہے۔ تمام ٹیموں کو ایس او پیز پر عملدرآمد کرنے کا کہا گیا ہے۔ چیلنجز کا سامنا کر رہے ہیں۔ کوشش ہوگی کہ مزید کیسز سامنے نہ آئیں۔ این سی او سی اب تک پچاس فیصد تماشائیوں کو سٹیڈیم آنے کی اجازت کے فیصلے پر قائم  ہے۔ ببل کو توڑنے کی باتوں  میں صداقت نہیں۔ مشکل حالات کا سامنا کر رہے ہیں۔ ایونٹ کو احسن انداز میں آگے لے جا رہے ہیں۔ انتظامات کرنا ہوں گے۔

ای پیپر دی نیشن

میں نہ مانوں! 

خالدہ نازش میری سکول کی ایک دوست کو ڈائجسٹ پڑھنے کا بہت شوق تھا ، بلکہ نشہ تھا - نصاب کی کوئی کتاب وہ بے شک سکول بستے میں رکھنا ...