سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حلیم عادل شیخ کو اسمبلی لے جانے والی بکتر بند گاڑی اسپتال نہ پہنچ سکی،پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ بکتر بند گاڑی نہیں آئی تو کوئی مسئلہ نہیں، مجھے گدھا گاڑی یا رکشے میں میں لے جائیں میں نے بروقت ووٹ ڈالنا ہے ۔ ترجمان حلیم عادل شیخ نے کہا کہ حلیم عادل شیخ کو جناح اسپتال سے اسمبلی لے جانے کے لیے روزانہ بکتر بند گاڑی پولیس لاتی تھی لیکن آج پولیس نے گاڑی خراب ہونے کا بہانہ بنا کر گاڑی نہیں پہنچائی۔ اس حوالے سے حلیم عادل شیخ نے کہا ہے کہ بحیثیت اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کو الیکشن کمیشن کے حکم پر دو دن پہلے اسلام آباد پہنچایا جا چکا ہے۔ پی ٹی آئی رہنما نے کہا ہے کہ بکتر بند گاڑی نہیں آئی تو کوئی مسئلہ نہیں، مجھے پولیس موبائل یا میری ذاتی گاڑی میں لے چلیں، گدھا گاڑی یا رکشے میں میں لے جائیں۔ حلیم عادل شیخ کا کہنا ہے میں پیدل جانے کو بھی تیار ہوں لیکن مجھے بروقت سندھ اسمبلی پہنچائیں کیونکہ پہلا ووٹ میں نے کاسٹ کرنا تھا۔