لاہور: انسداد دہشتگردی عدالت نے موٹر وے زیادتی کیس کے مرکزی ملزم عابد ملہی اور شفقت بگا نے صحت جرم سے انکار کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق موٹروے پر خاتون سے زیادتی کرنے والے ملزمان کے خلاف کیس میں پیشرفت ہوئی ہے۔ لاہور کی کیمپ جیل میں موٹر وے زیادتی کیس کی سماعت ہوئی۔ ملزمان کو کیمپ جیل میں قائم خصوصی عدالت میں 7 روزہ جوڈیشل ریمانڈ کے بعد پیش کیا گیا۔ دوران سماعت مرکزی ملزمان عابد ملہی اور شفقت محمود پر فردِ جرم عائد کر دی گئی۔ ملزمان نے صحت جرم سے انکار کر دیا۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر استغاثہ کے گواہوں کو طلب کرلیا۔
پراسیکیوشن نے 20 فروری 2021 کو ملزمان کے خلاف چالان عدالت میں جمع کروایا۔ مقدمہ کا چالان 200 سے زائد صفحات پر مشتمل ہے۔موٹروے ریپ کیس میں 50 گواہان کو شامل کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ موٹر وے زیادتی کیس کا واقعہ گزشتہ سال ستمبر 2020ء میں پیش آیا تھا۔ ملزمان نے لاہور سیالکوٹ موٹر وے پر خاتون سے اس کے بچوں کے سامنے زیادتی کی تھی۔