یوسف رضا گیلانی سینیٹر منتخب ,عبدالحفیظ شیخ کو شکست

Mar 03, 2021 | 18:48

سینیٹ کی جنرل نشست پر یوسف رضا گیلانی نے عبدالحفیظ شیخ کو مات دے دی، 6 ووٹ مسترد ہوئے، یوسف رضا گیلانی کو 169 ووٹ ملے،اور عبدالحفیظ شیخ کو 164 ووٹ ملے.اسلام آباد سے سینیٹ کی جنرل نشست پر ووٹوں کی گنتی کا عمل مکمل ہونے کے بعد وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے بیٹے زین قریشی کی درخواست پر دوبارہ ووٹوں کی گنتی کی درخواست کی گئی تھی۔دوبارہ گنتی کے بعد پی ڈی ایم کے یوسف رضا گیلانی کامیاب ہوئے جنھیں عبدالحفیظ شیخ سے 5 ووٹ زیادہ ملے۔نتائج کا اعلان ہونے کے بعد یوسف رضا گیلانی نے گرم جوشی کے ساتھ اپنے حریف عبدالحفیظ شیخ سے ہاتھ ملایا اور دونوں ساتھ ہی بات چیت کرتے ہوئے ایوان سے باہر گئے۔ 

سب سے پہلے بلوچستان سے نتائج آنا شروع ہوگئے جس کے مطابق بلوچستان عوامی پارٹی (بی اے پی) کے عبدالقادر اور جمعیت علماء اسلام (ف) کے مولانا عبدالغفور حیدری کامیاب ہوگئے۔قومی اسمبلی کے 340 ارکان نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا، جبکہ ایک امیدوار  مولانا عبدالاکبر چترالی ووٹ کاسٹ کرنے نہیں آئے جبکہ این اے 75 ڈسکہ کی نشست سے کوئی ممبر اسمبلی میں نہیں کیونکہ یہاں الیکشن کمیشن نے دوبارہ پولنگ کا اعلان کیا ہوا ہے۔

خیال رہے کہ اسلام آباد کی 2، خیبر پختونخوا کی 12، سندھ کی 11 اور بلوچستان کی 12 نشستوں پر سینیٹرز منتخب کرنے کے لیے ووٹ ڈالے گئے۔

واضح رہے کہ صوبہ پنجاب کی تمام 11 نشستوں پر امیدوار بلامقابلہ سینیٹرز منتخب ہوچکے ہیں۔قومی اسمبلی میں پہلا ووٹ حکومتی جماعت پی ٹی آئی کے میاں شفیق آرائیں نے کاسٹ کیا جبکہ دوسرا ووٹ وفاقی وزیر فیصل واوڈا نے ڈالا۔پولنگ کے لیے الیکشن کمیشن نے ارکانِ قومی اسمبلی کے لیے ہدایت نامہ لگایا گیا، دو بیلٹ باکس پارلیمنٹ ہاؤس میں رکھے گئے جبکہ عملے کی جانب سے کسی کو بھی پولنگ اسٹیشن میں موبائل یا کیمرہ لے جانے کی اجازت نہیں تھی۔قومی اسمبلی ہال پولنگ اسٹیشن قرار دیا گیا جس کے باعث قومی اسمبلی کے عملے کا ایوان میں داخلہ بند تھا، قومی اسمبلی ہال میں الیکشن کمیشن کا عملہ یا ارکان ووٹر داخل ہو سکتے تھے۔

مزیدخبریں