وزیراعظم پاکستان کا حالیہ دورہ سری لنکا دوطرفہ تجارتی و معاشی تعلقات کو مستحکم کرنے میں بہت اہم کردار ادا کرے گا: سری لنکن ہائی کمشنر

لاہور (کامرس رپورٹر) سری لنکا کے ہائی کمشنر ایڈمرل موہن وجے ورکرما نے توقع ظاہر کی ہے کہ وزیراعظم پاکستان کا حالیہ دورہ سری لنکا دوطرفہ تجارتی و معاشی تعلقات کو مستحکم کرنے میں بہت اہم کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار لاہور چیمبر میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ نائب صدر طاہر منظور چودھری نے بھی اس موقع پر خطاب کیا جبکہ سابق سینئر نائب صدر امجد علی جاوا، ایگزیکٹو کمیٹی اراکین حاجی محمد آصف سحر، شہزاد بٹ، شاہد نذیر، ڈاکٹر ریاض احمد، ذیشان سہیل ملک اور واصف یوسف بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ہائی کمشنر نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان کے دورہ سری لنکا کے دوران بہت سی مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے ہیں جن کی بدولت دوطرفہ تجارتی و معاشی تعلقات مستحکم ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ باہمی تجارت دونوں ممالک کی پوٹینشل سے مطابقت نہیں رکھتی ، اس کے لیے مشترکہ منصوبہ سازی کو فروغ دینا اور مشترکہ اقدامات اٹھانا ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو سری لنکا سے اعلی معیار کی سیلون چائے کی درآمد میں اضافہ کرنا چاہیے۔لاہور چیمبر کے نائب صدر طاہر منظور چودھری نے کہا کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان بہترین دوستانہ تعلقات ہیں، دونوں ممالک سارک کے اراکین بھی ہیں اور اس حیثیت سے علاقائی تجارت بڑھانے میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان باہمی تجارت کا حجم ابھی بھی پانچ سو ملین ڈالر سے کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان کا حالیہ دورہ سری لنکا بہت اہمیت کا حامل ہے ، اس سے دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید وسعت ملے گی اور تجارت و سرمایہ کاری کو فروغ حاصل ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سری لنکا کو انجینئرنگ مصنوعات، فارماسیوٹیکلز، آلات جراحی، آٹوپارٹس، صنعتی خام مال اور پلاسٹک مصنوعات وغیرہ برآمد کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔ انہوں نے دونوں ممالک کے تاجروں پر زور دیا کہ وہ تجارت و سرمایہ کاری کے مواقعوں پر گہری نظر رکھیں اور ان سے فائدہ اٹھائیں۔

ای پیپر دی نیشن