ن لیگ سے رابطے کی اطلاعات  فیصل آباد ڈویژن کے 8 حکومتی ارکان کی نگرانی کیلئے کمیٹی قائم

Mar 03, 2022


فیصل آباد (ابن حسین گل سے) فیصل آباد ڈویژن سے8 حکومتی اراکین اسمبلی کی وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتمادکی صورت میں اپنے سیاسی مستقبل کے لئے مسلم لیگ ن میں متوقع شمولیت کی خبریں منظرعام پر آنے اور اُن میں سے3کی تردید کے باوجود اُن پر نگرانی اور حرکات و سکنات کے لئے ایک خفیہ ادارے کی معاونت سے ایک کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔ تاہم 5 اراکین نے تردید بھی نہیں کی۔ جن ارکان نے تردیدکی ہے اُن میں فیصل آباد شہر اور ضلع سے شیخ خرم شہزاد، چوہدری رضا نصراللہ اور کمالیہ سے ریاض فتیانہ شامل ہیں جبکہ راجہ ریاض احمد خاں، نواب شیروسیر، چوہدری عاصم نذیر، غلام بی بی بھروانہ اور غلام محمد لالی نے تردید نہیں کی۔ ذرائع کے مطابق ان تمام ارکان کے مسلم لیگ ن کے اعلیٰ قیادت کے ساتھ رابطے ہیں اور وہ وزیر اعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد آنے کی صورت میں اپوزیشن کا ساتھ دیں گے اور آئندہ ہونے والے عام انتخابات میں مسلم لیگ ن کے ٹکٹ پر ہی الیکشن لڑیں گے۔ سیاسی حلقوں کے مطابق ان باغی ارکان کے متعلق چلنے والے خبر میں کسی نہ کسی حد تک صداقت ضرور ہے۔ کیونکہ اس سے قبل مسلم لیگ ن کے متعدد مرکزی رہنما فیصل آباد کے بہت سارے حکومتی اراکین کی طرف سے مسلم لیگ ن کو حمایت کی یقین دہانی کا وعدہ کر چکے ہیں جبکہ سینٹ الیکشن میں مبینہ طور پر ان ارکان نے پی ڈی ایم کے مشترکہ اُمیدوار سید یوسف رضاگیلانی کو ووٹ دئیے تھے۔

مزیدخبریں