ہر سال نر سنگ ڈے منا ئیں گے، عثمان بزدار، ارڈھائی ارب کے فنڈز کا اعلان

لاہور (نیوز رپورٹر، خصوصی نامہ نگار) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ نرسنگ کنونشن کے موقع پر تمام نرسوں کو ان کی خدمات پر سلام پیش کرتا ہوں۔ پنجاب بھر میں نرسنگ سے وابستہ افراد کے لیے خصوصی اقدامات کی جا رہے ہیں۔ انہوں نے 28 نرسنگ کالجوں کو اڑھائی ارب روپے کے ترقیاتی فنڈز دینے اور پسماندہ علاقوں کے امیدواروں کو نرسنگ کے شعبہ میں داخلے کے لئے خصوصی کوٹہ دینے کا اعلان کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ پنجاب میں ہر سال سرکاری طورپر 2مارچ کو نرسنگ ڈے منایا جائے گا۔ وہ 90شاہراہ قائداعظم پر پنجاب کے پہلے نرسنگ کنونشن 2022 سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہاکہ نرسنگ طلبہ کے لیے ماہانہ وظیفہ 20,171 روپے سے بڑھاکر 31,470 روپے کیا ہے۔ نرسنگ انسٹرکٹرز، ڈپٹی نرسنگ سپرنٹنڈنٹ اور کلینیکل انسٹرکٹرز کو گریڈ 17 سے ترقی دیکر گریڈ 18 دیا ہے۔ لاہور اور چکوال کے 2 پبلک ہیلتھ نرسنگ سکولوں کی بی ایس مڈوائفری پروگرام میں اپ گریڈیشن کی جارہی ہے۔ ساڑھے تین سال میں نرسنگ سٹاف کی مجموعی طور پر 10 ہزار سے زائد نئی بھرتیاں کی گئیں اور ترقی بھی دی گئی۔ شاہدرہ ٹیچنگ ہسپتال  لاہور میں میل نرسنگ کالج قائم کیا گیا ہے اور پہلی بار پی آئی ٹی بی کے تعاون سے نرسنگ پروگرام کے داخلوں کا آن لائن نظام متعارف کیا گیا ہے۔ حکومت پنجاب نے 16نرسنگ کالجوں کا میڈیکل یونیورسٹیوں کے ساتھ الحاق کا عمل مکمل کر لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نرسنگ کے شعبے سے وابستہ لوگ بلاامتیاز انسانیت کی خدمت کرتے ہیں اور کرونا وباء کے دوران نرسوں نے قابل تحسین کردار ادا کیا ہے۔ صحت کے مختلف شعبوں کے لیے 403 ارب روپے سے زائد کا تاریخی بجٹ مختص کیا گیا ہے۔ صوبہ بھر میں 8 سٹیٹ آف دی آرٹ مدر اینڈ چائلڈ ہسپتالوں کی تعمیر جاری ہے اور مزید 23 نئے سرکاری ہسپتال بنائے جارہے ہیں۔ پنجاب کے  3کروڑ خاندانوں کو نیا پاکستان قومی صحت کارڈ کی فراہمی کیلئے 400ارب روپے کی خطیر رقم مختص کی گئی ہے۔ مارچ کے آخر تک پنجاب کی پوری آبادی سالانہ 10لاکھ روپے کے مفت علاج سے مستفید ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ سابق حکومت نے نرسنگ کے شعبہ پر توجہ نہیں دی ہماری حکومت نے نرسوں کو ان کا حق دیا ہے۔ پنجاب کو صحت کے حوالے سے مثالی صوبہ بنائیں گے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے مختلف اضلاع میں نرسنگ کالجز کی اپ گریڈیشن کے حوالے سے سرٹیفکیٹ کالجز کی پرنسپلز کو دیئے۔ صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد، ترجمان پنجاب حکومت حسان خاور اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی ہدایت پر کنونشن کے آغاز سے قبل تاریخ میں پہلی مرتبہ نرسوں کو ان کی خدمات کے اعتراف میں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے تقریب کے بعد نرسوں کے ساتھ دوپہر کا کھانا کھایا۔ وزیراعلیٰ فرداً فرداً نرسوں کی نشستوں پر گئے اور ان کے مسائل پوچھے۔ نرسز نے نرسنگ کنونشن کے انعقاد پر وزیراعلیٰ سے اظہار تشکر کیا۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ نے بلوچ کلچر ڈ ے پر بلوچ بھائیوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ  بلوچستان کی ثقافت امن کی ثقافت ہے۔ پاکستان میں بسنے والی تمام قومیں ایک لڑی میں پروئی ہوئی ہیں۔ دریں اثناء وزیراعلیٰ نے گزشتہ روز جیلانی پارک میں میلہ جشن بہاراں 2022 کا افتتاح کر دیا۔ انہوں نے آرٹ اینڈ کرافٹ گاؤں اور مختلف سٹالز کا دورہ کیا۔ وزیراعلیٰ نے پنجاب کے روایتی کھانوں کے سٹال بھی دیکھے۔ وزیراعلیٰ نے دستکاریوں کے سٹال میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ کو فنکاروں کی طرف سے دستکاریوں کے سوونیئر پیش کیے گئے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ جشن بہاراں میلہ لاہور کے تہذیبی ثقافت کا حصہ بن چکا ہے۔ جشن بہاراں کا میلہ سب کے لئے خوشی اور امید کا پیغام لاتا ہے۔ میلہ جشن بہاراں  31مارچ تک جاری رہے گا۔

ای پیپر دی نیشن

آج کی شخصیت۔۔۔۔ جبار مرزا 

جب آپ کبھی کسی کے لیے بہت کچھ کہنا چاہ رہے ہوتے ہیں لفظ کہیں بھاگ جاتے ہیں ہمیں کوئی ایسے الفظ ملتے ہی نہیں جو اس شخصیت پر کہہ ...