لاہور(نیوز رپورٹر)ملاوی، سنٹرل افریقہ میں پہلی اوورسیز پاکستانی کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس سے خطاب کرتے ہوئے معاون خصوصی وزیراعظم برائے اوورسیز سید طارق محمود الحسن نے کہاہے کہ وہ ملاوی میں سفارتخانہ کے قیام اور افریقی ممالک کیلئے ڈائریکٹ فلائٹ کا مسئلہ حل کرنے کیلئے بھرپور کوشش کرینگے جبکہ انہوں نے مزید بتایا کہ وہ اوورسیز پاکستانیوں کیلئے پہلی قومی اوورسیز پالیسی بنانے جارہے ہیں۔انہوں نے رواں ماہ اسلام آباد میں ہونے والے اوورسیز انٹرنیشنل کنونشن میں شرکت کے لیے ملاوی و افریقہ سے اوورسیز پاکستانیوں کو دعوت دی۔وائس چیئرمین پنجاب اوورسیز کمیشن ڈاکٹر شاہدمحمود نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزداراوورسیز کے مسائل کے حل کوترجیح دیتے ہیں اور ا نہوں نے دو ہفتوں میں سات سو سے زیادہ کیسز حل کردیے ہیں۔انہوں نے ضیاء اللہ سکھیرا کو کوآرڈینیٹر برائے ملاوی بننے اور افریقہ میں پہلی اوورسیز کانفرنس کا کامیاب انعقاد کرنے پرمبارکباد دی۔کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ضیاء اللہ سکھیرا نے ملاوی سمیت افریقہ کے دیگر ممالک میں مقیم اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل سے آگاہ کیا اور اس امر کا اعادہ کیا کہ وہ ان مسائل کے حل کے لیے بھرپور کوشش جاری رکھیں گے اس موقع پر ملاوی میں انہوں نے او پی سی کے کوآرڈینیشن دفتر کا بھی افتتاح کیا۔کانفرنس میں افریقہ بھرسے تقریباً ایک ہزار کے قریب اوورسیز پاکستانیوں نے شرکت کی جن میں عبدالطیف سونامی، آصف گیلانی،عمران پاٹیل، عبداللہ سکھیرا، ذکاء اللہ سکھیرا، افتخار آسک،زکریا قاسمانی، راجہ ناصر، شاہد منگوچی،عمران موسیٰ،عبدالغنی،عمران یوسف جاکوراسمیت دیگر شرکاء نے شرکت کی اور ضیاء اللہ سکھیرا کو او پی سی کا کوآرڈینیٹر بنانے پر سردار عثمان بزدار کا شکریہ ادا کیا۔