لاہور(لیڈی رپورٹر) گوشہ اطفال گرلز ہائی سکول گارڈن ٹاؤن کے زیراہتمام تیسراسالانہ رنگا رنگ سپورٹس ڈے پنجاب سٹیڈیم جمنیزیم میں منعقد ہوا۔سابق وزیر قانون سینیٹرعلی ظفر کی اہلیہ عنبرین علی ظفر تقریب کی مہمان خصوصی تھیں۔سپورٹس ڈے کا افتتاح مہمان خصوصی بیگم عنبرین علی ظفرنے گوشہ اطفال سکول کی صدربیگم سمیرا طاہر کے ہمراہ فضا میں رنگا رنگ غبارے بلند کرکے کیا ۔جبکہ تقریب کاباقاعدہ آغاز تلاوت ، ترجمہ اور نعت رسول مقبولؐسے کیاگیا۔ نظامت کے فرائض عابدہ جبین نے ادا کئے۔اس موقع پر امان لٹل اینجل سکول اور گوشہ اطفال گرلز ہائی سکول کے طلبا و طالبات نے مارچ پاسٹ اور سلامی پیش کی۔ اپنے خطاب میں بیگم عنبرین علی ظفر نے خوبصورت سپورٹس ڈے کے انعقاد پر منتظمین کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ بچے قوم کا مستقبل ہیں ، کھیلوں سے بچے سپورٹس مین سپرٹ، ٹیم ورک اورڈسپلن سیکھتے ہیں گوشہ اطفال سکول کے طلبہ و طالبات کی مہارت، ولولہ انگیزی اور گرمجوشی لاجواب ہے یہ سب آئندہ زندگی میں انکے کام آئے گا۔ بیگم سمیرا طاہر نے کہا کہ آج کے ایونٹ کو کامیاب بنانے کیلئے طلبہ وطالبات، اساتذہ اورسپورٹس کوچ کا کردار قابل تحسین ہے، پڑھائی کے ساتھ ساتھ کھیلیں بھی طلبہ وطالبات میںخود اعتمادی اورصحتمند مقابلوں کاسلیقہ پیدا کرتی ہیں۔ سپورٹس ڈے پر طلباو طالبات نے جمناسٹک، پی ٹی شو، فلیٹ ریس، بنانا ایٹنگ ریس، سیک ریس، ٹگ آف وار، ہرڈل ریس اور پاکستان فلیگ فارمیشن سمیت دیگر سپورٹس ایونٹس پیش کرکے تقریب کو چار چاند لگادئیے ۔جس پر تقریب کے شرکاء تالیاں بجا کر انکے مثالی نظم و ضبط ، زبردست تال میل اور جوش و خروش کوسراہتے رہے۔اس موقع پر گوشہ اطفال کی چیئرپرسن بیگم شمیم آفتاب فرخ اور بانی بیگم فرخ حسین کی خدمات کوخصوصی طور پر خراج تحسین پیش کیا گیا۔ تقریب میں سکول کی پیٹرن بیگم پروین بٹ ، بیگم ارم منوں، بیگم ارم حسن انصاری، بیگم رابعہ ندیم، بیگم نائلہ طارق، بیگم تسنیم ساجد، بیگم عنبرین احمد ، بیگم ہما متین،بیگم شیریں عرفان،بیگم ثمینہ سجاد،بیگم نزہت شوکت رضا، بیگم زنیرہ راٹھور، بیگم نگہت چغتائی،سی ای او لٹل سٹیپس آرفنیج ابتسام الرحمن،بیگم نورین شیخ،پرنسپل القمہ الیاس ،سپورٹس کوچ سدرہ چوہدری ودیگر نے شرکت کی۔ سپورٹس ڈے کے اختتام پر نمایاں پوزیشنیں حاصل کرنے والے طلباو طالبات میں انعامات تقسیم کئے گئے اور قومی ترانہ پڑھا گیا۔
گوشہ اطفال گرلز ہائی سکول کے زیراہتمام سالانہ رنگا رنگ سپورٹس ڈے
Mar 03, 2022