لاہور+گوجرانوالہ (نامہ نگار+ نمائندہ خصوصی) ڈاکوؤں اور چوروں نے شہر کے مختلف علاقوں میں وارداتوں کے دوران متعدد شہریوں سے لاکھوں روپے نقدی، طلائی زیورات، موبائل فون، گاڑیاں، موٹر سائیکلیں اور دیگر سامان لوٹ لیا ہے۔ ڈاکوؤں نے جوہر ٹاؤن میں طلعت محمودکے گھر گھس کر اہلخانہ کو یرغمال بنا کر 5لاکھ 45 ہزار روپے‘ طلا ئی زیورات، موبائل فون اور دیگر سامان، مغلپورہ میں عبدالحمید سے2لاکھ 12ہزار روپے اور موبائل فون، لٹن روڈ کے علاقے میں عادل سے ایک لاکھ 40 ہزار روپے، شادمان میں جمیل سے 80 ہزار روپے، غالب مارکیٹ میں حنیف سے95 ہزار، ہڈیارہ میں اسد سے65 ہزار روپے‘ سبزہ زار میں نصرت سے 55 ہزار روپے‘ شیراکوٹ میں ثاقب سے 40 ہزار نقدی‘ پرانی انارکلی سے سلیم سے 30 ہزار روپے‘ شمالی چھائونی کے علاقے میں یاسر سے15 ہزار روپے، لاری اڈہ میں فاروق سے 10ہزار روپے اور موبائل فونز لوٹ لئے۔ چوروں نے سندر میں عدیل کے گھر سے 4 لاکھ روپے‘ طلائی زیورات اور دیگر سامان جبکہ مانگا منڈی میں جواد کی دکان سے 2 لاکھ روپے و دیگر سامان چوری کر لیا گیا۔ چوروں نے منا واں، ملت پارک اور شفیق آباد کے علاقوں سے تین گاڑیاں، راوی روڈ اور مغلپورہ کے علاقوں سے دو رکشے جبکہ بادامی باغ، لوئر مال، بھاٹی گیٹ، نولکھا، نیو انارکلی، شادمان اور ماڈل ٹاؤن کے علاقوں سے سات موٹر سائیکلیں چوری کر لیں اور فرار ہو گئے ہیں۔پریس کلب کے باہر سے سیکرٹری لاہور پریس کلب عبدالمجید ساجد کی کار چوری ہو گئی۔ ڈاکوؤں نے گرین ٹاؤن میں محمد عدنان کی فارمیسی سے 70 ہزار روپے نقدی لوٹ لی۔وزیرآباد میں بنک سے رقم نکلوا کر گائوں جانے والا پولیس کانسٹیبل ڈاکوئوں کے ہتھے چڑھ گیا۔ موضع کالے والاکا رہائشی کانسٹیبل آفتاب احمد جو کہ گوجرانوالہ ڈی ایچ کیو ہسپتال میں ڈیوٹی سرانجام دیتا ہے، اپنے بھائی کے ہمراہ گکھڑ بنک سے 51 لاکھ روپے نکلوا کر گاڑی پر واپس گائوں جا رہا تھا کہ نواحی گائوں گل والا کے قریب دو موٹر سائیکل سوار ڈاکوئوں نے گاڑی پر فائرنگ کر کے روکا اور 51 لاکھ روپے چھین کر گکھڑ کی جانب فرار ہو گئے۔
ڈاکے‘ اہلخانہ سمیت شہریوں سے لاکھوں روپے‘ زیورات اور قیمتی سامان لوٹ لیا
Mar 03, 2022