سرگودھا (این این آئی) صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ تاجروں کے مسائل کا حل حکومت کی اولین ترجیح ہے اور حکومت ایس ایم ایز سیکٹر کے مسائل کو حل کرنے کیلئے اہم پالیسیوں پر عمل پیرا ہے۔ ذرائع کے مطابق سرگودھا چیمبر آف سمال ٹریڈرز اینڈ انڈسٹریز کے بانی شیخ آصف اقبال نے صدر مملکت عارف علوی سے ملاقات کر کے تاجر برادری کو درپیش مسائل پر روشنی ڈالی اور تاجروں کے مسائل کے حل اور حکومت سے تاجروں کے لیے خصوصی ریلیف، ایس ایم ایز سیکٹر کی اہمیت اور ملکی معیشت میں اس کے کردار بارے آگاہ کیا جس پر صدر عارف علوی نے کہا کہ تاجروں کے مسائل کا حل ہماری اولین ترجیح ہے اور حکومت ایس ایم ایز سیکٹرکے مسائل کو حل کرنے کیلئے اہم پالیسیوں پر عمل پیرا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک میں کاٹیج انڈسٹری حقیقی معنوں میں ملکی معیشت میں اپنا مثبت کردار ادا کر رہی ہے۔ تاجر راہنما شیخ آصف اقبال نے کہا کہ تاجر برادری ٹیکس دینا چاہتی ہیں لیکن حکومت پی او ایس سسٹم سمیت سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزر کیلئے ریلیف نہ دے کر مشکلات میں اضافہ کر رہی ہے۔ آئے روز مہنگائی میں اضافہ سے تاجروں میں شدید تشویش پائی جاتی ہے۔کیونکہ کرونا سے متاثر چھوٹے دکاندار مقروض ہیں جبکہ حکومت کی طرف سے ایس ایم ایز سیکٹر بالخصوص کاٹیج انڈسٹری کیلئے ریلیف نہیں دیا جا رہا ہے۔ صدر مملکت نے تاجروں کے مسائل کے حل کے لئے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔