لاہور،راولپنڈی(نامہ نگار،اپنے سٹاف رپورٹر سے) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب راؤ سردار علی خان نے ہدایت کی ہے کہ راولپنڈی اور لاہور میں پاک آسٹریلیا کرکٹ سیریز کے میچز کیلئے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے بہترین سکیورٹی انتظامات یقینی بنائے جائیں۔ تمام کھلاڑیوں اورمیچ آفیشلز کے ساتھ ساتھ شائقین کرکٹ کی سکیورٹی اور سہولت کیلئے جامع حکمت عملی کے تحت اقدامات کیے جائیں۔ ہوٹل اور سٹیڈیم کے گردونواح میں ٹریفک کی بلا تعطل روانی اور شہریوں کی سہولت کیلئے ٹریفک مینجمنٹ کا موثر پلان تشکیل دیا جائے تاکہ عام شہریوں کو کم سے کم دشواری ہو۔ آئی جی پنجاب نے یہ ہدایات چیف سیکرٹری پنجاب کامران علی افضل کے ہمراہ راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم کے دورے اور سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے منعقدہ اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کے دوران جاری کیں۔ دوران اجلاس آر پی او راولپنڈی اشفاق احمد خان اور سی پی او راولپنڈی عمر سعید ملک نے آئی جی پنجاب اورچیف سیکرٹری پنجاب کو میچز کے دوران سکیورٹی انتظامات بارے بریفنگ دی۔ راؤ سردار علی خان اور کامران علی افضل نے کرکٹ میچز کے پرامن انعقاد کیلئے انتظامات کاجائزہ لیا۔ سی پی اوراولپنڈی عمر سعید ملک نے بتایا کہ کرکٹ ٹیمز، سٹیڈیم اور روٹ کی سکیورٹی و ٹریفک انتظامات کیلئے 4500 اہلکار تعینات کیے جارہے ہیں۔
پاک آسٹریلیا کرکٹ سیریز،سکیورٹی پر 4500 اہلکار تعینات
Mar 03, 2022