تحفظ ختم نبوت کاکام ہمارا اوڑھنا بچھونا ہے، عزیز الرحمن ثانی 

Mar 03, 2022


لاہور( خصوصی نامہ نگار) عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت رابطہ کمیٹی اور عہدیداران کا اجلاس مرکز ختم نبوت نیو مسلم ٹاؤن میں منعقد ہوا اجلاس میں عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کے مرکزی رہنما مولانا عزیز الرحمن ثانی، سیکرٹری جنرل مولانا علیم الدین شاکر، قاری جمیل الرحمن اختر،حافظ محمداشرف گجر، مولانا عبدالنعیم، مولانا خالدمحمود، مولانا سعید وقار، قاری محمدطاہر، مولانا سمیع اللہ نے شرکت کی۔ اجلاس میں متعدد مقامات پر ختم نبوت کورسز، کانفرنس، تاجرکنونشن اور ٹیچرزکنو نشن منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے علماء نے کہا کہ تحفظ ختم نبوت کاکام ہمارا اوڑھنا بچھونا اور اہل ایمان کا شیوہ ہے ۔نبی کریمؐ کے منصب رسالت و ختم نبوت کا دفاع کرتے رہیں گے،عقیدہ ختم نبوت کی دین میں ایسی حیثیت ہے جیسا کہ انسانی جسم میں دل کی حیثیت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا کام قادیانیت کو بے نقاب کرنا اور ان تک دعوت کے ذریعے حق وصداقت کا پیغام پہچانا ہے اور یہ کام قیامت تک جاری رہے گا۔ پاکستان بننے کے بعد قادیانیوں نے پاکستان کو قادیانی اسٹیٹ بنانے کی کوشش کی جس کی راہ میں دس ہزار شہدائے ختم نبوت نے اپنا خون دے کر بند باندھا اورپاکستان کو قادیانی اسٹیٹ بننے سے بچایا۔ عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کے زیراہتمام رواں مہینے میں ملک بھر میں کانفرنسز منعقد کی جارہی ہیں جن میں شہدائے ختم نبوت مارچ 1953کو خراج عقیدت پیش کیا جارہا ہے ور قادیانیوں کی ریشہ دوانیوں کو بے نقاب کیاجارہا ہے۔اجلاس میں علماء نے مطالبہ کیا کہ امتناع قادیانیت ایکٹ پر مؤثر عمل درآمد کرایا جائے اور کلیدی عہدوں سے قادیانیوں کو ہٹایا جائے کیونکہ قادیانی جہاں کہیں بھی ہوں وہ اسلام اور پاکستان کیخلاف سازشوں میں مصروف رہتے ہیں۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ 29واں سالانہ ختم نبوت کورس 5مارچ بروز ہفتہ سے مدرسہ ختم نبوت مسلم کالونی چناب نگر چنیوٹ میں منعقد ہونے جارہا ہے کورس کی تمام تیاریاں مکمل ہوچکی ہیں۔کورس میں ممتاز علماء ، مشائخ، ماہرین فن اور مبلغین ختم نبوت لیکچرز دینگے۔ 

مزیدخبریں