لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان کرکٹ بورڈ اور کرکٹ آسٹریلیا نے مشترکہ طور پر’’بینو قادر ‘‘ٹرافی متعارف کروادی۔پاکستان کے کپتان بابراعظم اور مہمان ٹیسٹ سکواڈ کے قائد پیٹ کمنز نے راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں’’ بینو قادر‘‘ ٹرافی کی رونمائی کی۔ پاکستان اور آسٹریلیا کے 2 لیجنڈری لیگ سپنرز سے منسوب ٹرافی کو متعارف کروانے کا مقصد آسٹریلیا کے 24 سال بعد دورہ پاکستان کا جشن منانا ہے۔مستقبل میں بھی دونوں ٹیموں کے مابین کھیلی جانیوالی اب ہر ٹیسٹ سیریز کے اختتام پرفاتح سائیڈ کو اسی ٹائٹل کی ٹرافی دی جائیگی۔3 میچز پر مشتمل سیریز کا پہلا ٹیسٹ 4 سے 8 مارچ تک راولپنڈی میں کھیلا جائیگا۔ آسٹریلیا نے 1959 میں رچی بینوکی قیادت میں پاکستان کاپہلا مکمل دورہ کیا تھا، مہمان سائیڈ نے یہ سیریز 2-0 سے جیتی تھی۔عبدالقادر نے آسٹریلیا کیخلاف 11 ٹیسٹ میچز میں 45 وکٹیں حاصل کی تھیں، اس دوران انہوں نے سال 1982 اور 1988 میں کھیلے گئے دو تین ٹیسٹ میچزکی سیریز میں 33 وکٹیں حاصل کی تھیں۔رچی بینو نے 1952 سے 1964 پر مشتمل کیرئیر کے دوران 63 ٹیسٹ میچز میں 248 وکٹیں حاصل کیں۔ عبدالقادر نے 1977 سے 1990 پر مشتمل اپنے ٹیسٹ کیرئیر میں 67 ٹیسٹ میچز میں236 وکٹیں حاصل کیں۔ قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم نے کہاکہ اس کھیل کی پذیرائی میں ماضی کے ان عظیم کھلاڑیوں کا بہت اہم کردار ہے اور ان پر لازم ہے کہ وہ ان کی خدمات کا اعتراف کریں۔ ان کی تمام تر نظریں بینو قادر ٹرافی پر جمی ہیں، دونوں ٹیموں میں شامل کھلاڑی بہترین کھیل پیش کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتے ہیں، وہ پرامید ہیں کہ شائقین کو اس سیریز میں بہترین مقابلے دیکھنے کو ملیں گے۔ بینو قادر ٹرافی میں پاکستان ٹیم کی قیادت کرنا ان کیلئے اعزاز ہے ، ان دونوں لیجنڈز کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے وہ بہترین کارکردگی کرنے کی کوشش کریں گے۔آسٹریلیا ٹیسٹ ٹیم کے کپتان پیٹ کمنز نے کہا کہ پہلی بینو قادر ٹرافی کیلئے مقابلہ کرنا ان کیلئے بہت اعزازکی بات ہے، موجودہ کھلاڑیوں کی حیثیت سے وہ ماضی کے ان عظیم کھلاڑیوں کے کندھوں پر چڑھ کر یہاں پہنچے ہیں جنہوں نے اس کھیل کو فروغ دینے اور مقبول بنانے میں بہت مدد کی۔ اگر ان کی ٹیم اس سیریز کے اختتام پر اس ٹرافی کو اٹھاتی ہے تو یہ اس تاریخی سیریز کا بہترین اختتام ہوگا۔