سپیریئر سپورٹس اینڈ کلچرل فیسٹیول ،گورنر پنجاب کی بطورمہمانِ خصوصی شرکت 

Mar 03, 2023


لاہور ( سپیشل رپورٹر) سپیریئر یونیورسٹی کے سالانہ سپورٹس اینڈ کلچرل فیسٹیول کا انعقاد کیا گیا۔ ریلوے سٹیڈیم گڑھی شاہومیں منعقدہ فیسٹیول میں ہزاروں کی تعداد میں طلبا ء وطالبات نے شرکت کی۔ مہمانِ خصوصی گورنر پنجاب ، محمد بلیغ الرحمان نے تقریب کا افتتاح کیا۔ چیئرمین سپیریئر گروپ، پروفیسر ڈاکٹر چوہدری عبد الرحمٰن ، اور ریکٹر سپیریئر یونیورسٹی، پروفیسر ڈاکٹر سمیرارحمان نے مہمانوں کا استقبال کیا۔ شرکا تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر پنجاب، محمد بلیغ الرحمان نے کہا کہ رنگا رنگ میلے میںملک بھر کے کلچرز کی نمائندگی اور نوجوانوں کی کھیلوں میں زبردست دلچسپی اوربہترین ٹیم ورک کے ذریعے جیت کا جنون دیکھنا انتہائی مسرت انگیز ہے۔سپیریئر یونیورسٹی گزشتہ دو دہائیوں سے سپورٹس اینڈ کلچرل فیسٹیول کے سالانہ انعقاد کی روایت برقرار رکھے ہوئے ہے۔ جس کا بنیادی مقصد ہم نصابی سرگرمیوں ، اور کھیلوں کے ذریعے طلبا ء وطالبات کی ذہنی و جسمانی نشوونما کو یقینی بنانا ہے۔
چیئرمین سپیریئر گروپ،پروفیسر ڈاکٹر چوہدری عبد الرحمٰن نے کہا کہ میلے کا بنیا دی مقصد یہ ہے کہ طلباء میں ٹیم ورک ، سپورٹس میں سپرٹ اور لیڈر شپ کی خصوصیات پیدا کی جائیں۔ تاکہ وہ زندگی کے دیگر مقابلوں میں بھی آخری پل تک جی جان سے مقابلے کے عادی ہوں۔مارچ پاسٹ کے بعد سو میٹر ریس ، اور رسہ کشی (ٹگ آف وار) کے فائنل مقابلے ہوئے۔

مزیدخبریں