لاہور(نامہ نگار) سی سی پی او لاہور ایڈیشنل آئی جی بلال صدیق کمیانہ نے کہا ہے کہ ٹینٹ رجسٹریشن سسٹم اور سمارٹ آئی ایپ سے ڈیٹا انٹری اور موثر چیکنگ کے نتیجے میں اشتہاری ملزمان کی گرفتاری میں بھی بے حد مدد ملی ہے۔جدید ٹیکنالوجی بروئے کار لاکر سنگین جرائم میں ملوث اشتہاری ملزمان کیخلاف گھیرا تنگ کیا جارہا ہے۔ترجمان لاہور پولیس کے مطابق ٹینٹ رجسٹریشن سسٹم (ٹی آر ایس) کے تحت امسال متعلقہ افراد کے پولیس ریکارڈ اندراج میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے۔ سمارٹ آئی سوفٹ وئیر کے ذریعے 43 لاکھ93 ہزار سے زائد افراد کا ریکارڈ چیک کیا گیا جبکہ سمارٹ آئی ایپ کے ذریعے 270 اشتہاری مجرموں کو گرفتار کیا گیا۔ای پولیس چیک پوسٹوں پر سمارٹ آئی ایپ کے ذریعے 2 لاکھ 14 ہزار اشخاص جبکہ 27 ہزار 862 گاڑیوں کو چیک کیا گیا۔ چیکنگ کے دوران 1932 قانون شکن، جرائم پیشہ عناصر اور اشتہاری مجرم گرفتار جبکہ چوری شدہ 265 گاڑیاں بھی پکڑی گئیں۔