اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) کمانڈر رائل نیوی اومان ریئر ایڈمرل سیف بن نصر بن محسن الراہبی نے نیول ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی سے ملاقات کی۔ ترجمان پاک بحریہ کے مطابق نیول ہیڈکوارٹرز آمد پر نیول چیف نے کمانڈر رائل نیوی عمان کا استقبال کیا۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی کی صورتحال، دوطرفہ دفاعی تعاون بشمول عسکری تربیت اور سیکورٹی کے موضوع پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ نیول چیف نے ریجنل میری ٹائم سیکیورٹی پیٹرولز کے ذریعے خطے میں میری ٹائم سیکیورٹی اور امن کو یقینی بنانے کے لیے پاک بحریہ کے اقدامات پر روشنی ڈالی۔ نیول چیف نے حال ہی میں کراچی میں منعقد ہونے والی مشق امن - 2023 میں عمانی بحریہ کی شرکت پر عمانی ہم منصب کا شکریہ ادا کیا۔ معزز مہمان نے خطے میں مشترکہ میری ٹائم سیکیورٹی کے لیے پاک بحریہ کی کوششوں اور عزم کو سراہا۔ توقع ہے کہ کمانڈر رائل نیوی عمان کے حالیہ دورے سے دونوں ممالک کے درمیان بالعموم اور بحری افواج کے مابین بالخصوص دو طرفہ تعاون کو مزید فروغ حاصل ہوگا۔
نیول چیف
نیول چیف ایڈمرل امجد نیازی سے کمانڈر رائل نیوی اومان کی ملاقات
Mar 03, 2023