لاہو ر( سپورٹس رپورٹر) پاکستان ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا ہے کہ اس وقت فوکس بھارت میں ہونے والے آئی سی سی ورلڈکپ پر ہے اور سب تیاریاں اسی کے حوالے سے جاری ہیں۔ ورلڈکپ بہت بڑا ایونٹ ہے اور یہ آپ کا خواب ہوتا ہے اور اس میں آپ 100 فیصد دینے کی کوشش کرتے ہیں۔ ورلڈ کپ ٹرافی اٹھانے کیلئے پلان کر رہے ہیں، آنے والی سیریز اسی کا حصہ ہے اور کوشش ہو گی کہ سیریز میں اچھا کریں تاکہ ہماری تیاری بھی اچھی ہو۔ بھارت میں ہونے والے آئی سی سی ورلڈ کپ میں بھی رضوان کیساتھ مل کر رنز بنانے کی کوشش ہوگی۔پرفارمنس اوپر نیچے ہوتی رہتی ہے، امید اور دعا ہے کہ ایسے ہی کمبی نیشن رہے اور رنز کریں۔ میں تو چاہوں گا کہ ہر روز اچھا کروں لیکن ایسا ممکن نہیں، کوشش ہوگی کہ ہمارے ساتھ دوسرے کھلاڑی بھی آگے بڑھیں اور اپنا حصہ ڈالیں ۔ اچھی بات یہ ہے کہ ہماری ٹیم کے تمام کھلاڑی پرفارم کرنے کے خواہشمند ہ ہیں، آپ کے پاس میچ جتانے اور لڑنے والے پلئیرز ہونے چاہئیں جو پاکستان کے پاس ہیں۔ تنقید کا سلسلہ چلتا رہتا ہے اور یہ چلتا رہے گا یہ نہیں ہوسکتا کہ ہر کوئی بس آپ کے حق میں بولے۔غلطیوں سے سیکھا ہے اور سیکھتا رہتا ہوں ۔
میں ہر صورت مثبت رہنے کی کوشش کرتا ہوں۔
، اس سے میرے اعتماد میں اضافہ ہوتا ہے، میں نہ تنقید پر تبصرہ کرتا ہوں نہ بحث کرتا ہوں۔ تنقید کرنے والے سابق کرکٹرز کی اپنی رائے ہوتی ہے، ہر کسی کا ایک اپنا مائنڈ سیٹ ہے، میرا اپنا مائنڈ سیٹ ہے، میں بھی وقت کیساتھ سیکھنے کی کوشش کرتا ہوں چیزیں تبدیل اور تیز ہو گئی ہیں، اسی کے مطابق چلتا ہوں، آپ ہر روز سو فیصد پرفارم نہیں کرسکتے۔ پی ایس ایل کے رواں سیزن میں پشاور زلمی کیساتھ سفر جاری ہے جو اچھا جا رہا ہے، کچھ غلطیوں کی وجہ سے ہمارے کچھ میچز اچھے نہیں گئے، ہم نے غلطیوں پر قابو پانے کی کوشش کی ہے۔نئی ٹیم کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ہم پروفیشنل کرکٹر ہیں، جتنا جلد دوسری ٹیم میں گھل مل جائیں اتنا اچھا ہوتا ہے، پشاور زلمی فیملی میں انضمام الحق اور محمد اکرم سے میرا کافی تعلق رہا ہے اس لیے کوئی مشکل نہیں جبکہ ڈیرن سیمی تجربہ کار کرکٹر ہیں اور کپتانی کرچکے ہیں، ان سے بہت کچھ سیکھنے کو مل رہا ہے۔