تنقید کی پرواہ نہیں عوامی رابطے نہیں چھوڑ سکتا کامران ٹیسوری


کراچی (اسٹاف رپورٹر) گورنرسندھ کامران خان ٹیسوری نے عوام سے رابطہ کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے عوام کے مسائل معلوم کرنے لانڈھی کی بابر مارکیٹ کا دورہ کیا اس موقع پر مارکیٹ کے دوکانداروں اور عوام نے گورنر سندھ کا پرتپاک استقبال کیا۔ وہاں موجود عوام اور دوکانداروں نے گورنر سندھ کے ساتھ سیلفیاں بھی بنوائیں۔ گورنر سندھ نے کہا کہ ہر صاحب اختیار کو کہتا ہوں جو ذمہ داری ملی ہے آخرت میں اس کا حساب ہوگا، کیونکہ آخرت میں گریس مارکس نہیں ملیں گے، اسی لئے زندگی کا امتحان اچھے سے دینا ہوگا۔ گورنر سندھ نے عوام سے اپیل کی کہ خانہ و مردم شماری میں بھرپور طریقہ سے حصہ لیں، کیونکہ صوبہ کو اس کی آبادی کے مطابق وسائل ملنے کے لئے ایسا کرنا ضروری ہے۔ کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ ڈیجیٹل مردم شماری سے غلطی کا امکان کم رہ جاتا ہے، انہوں نے کہا کہ مسائل حل کرنے کے لئے اختیار سے زیادہ نیت اور اخلاص ضروری ہے۔ گورنر سندھ نے مزید کہا کہ عوام کے درمیان جانا نہیں چھوڑوں گا، تنقید کی پرواہ نہیں۔ وہاں موجود عوام نے اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کامران خان ٹیسوری نے خود کو صحیح معنوں میں عوامی گورنر ثابت کیا ہے، کیونکہ ان کے مارکیٹوں اور علاقوں کے دورے سے مایوس عوام کو حوصلہ ملتا ہے۔
کامران ٹیسوری

ای پیپر دی نیشن