نئی دہلی (نوائے وقت رپورٹ) بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے عالمی اداروں کو دنیا کے بڑے چیلنجز کو حل کرنے میں ناکام قرار دے دیا۔ بھارتی وزیراعظم کا جی 20 وزرائے خارجہ اجلاس کے افتتاح کے موقع پر ریکارڈ شدہ ویڈیو پیغام جاری کیا گیا جس میں مودی نے عالمی اداروں کو تنقید کا نشانہ بنایا اور انہیں بڑے عالمی چیلنجز کے حل میں ناکام قرار دیا۔ مودی نے عالمی اداروں سے اس طرح کے مسائل پر باہمی پلیٹ فارم کی تلاش کا بھی مطالبہ کیا۔ افتتاحی اجلاس کے موقع پر اپنے ریکارڈ شدہ ویڈیو پیغام میں بھارتی وزیراعظم نے کہا کہ جی 20 ممالک کو یہ تسلیم کرنا چاہیے کہ اس وقت بحران میں مختلف ممالک کا رویہ بنیادی وجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ مالیاتی، ماحولیاتی، دہشتگردی، کرونا اور جنگوں کو لے کر گزشتہ سالوں کا یہ تجربہ رہا ہے کہ واضح طور پر بین الاقوامی گورننس ناکام ہوچکی ہے۔ بھارتی وزیراعظم نے تمام ممالک پر مسائل کو ایک ساتھ مل کر حل کرنے پر زور دیا۔ بھارت میں جاری جی ۔20 وزرائے خارجہ کے اجلاس میں ترکیہ اور شام کے زلزلہ متاثرین کیلئے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔ ترک خبر رساں ادارے کے مطابق بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی میں جی ۔20 وزرائے خارجہ کا اجلاس جاری ہے جس میں مختلف ممالک کے وزرائے خارجہ شرکت کر رہے ہیں ۔ اجلاس میں ترکیہ اور شام کے زلزلہ متاثرین کیلئے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی ۔
جی 20 وزرائے خارجہ اجلاس، عالمی ادارے بڑے چیلنجز حل کرنے میں ناکام رہے: مودی
Mar 03, 2023