اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) پاکستان نے ای میل کے ذریعے آئی ایم ایف کو پیشگی اقدامات سے آگاہ کر دیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ 4 میں سے 3 نکات پر عمل درآمد سے متعلق آئی ایم ایف کو بتا دیا گیا ہے۔ آئی ایم ایف کو بتایا گیا ہے کہ یکم جولائی سے بجلی پر تین روپے 23پیسے فی یو نٹ سرچارج جاری رکھا جائے گا، اس سے قبل یکم جولائی سے ایک روپیہ فی یونٹ سرچارج لیا جانا تھا، جسے آئی ایم ایف کے مطالبہ پر بڑھا کر تین روپے23پیسے کیا گیا ہے۔ پاکستان بجلی کے بلوں میں اضافے کی منظوری دے چکا ہے۔ آئی ایم ایف کو بتایا گیا ہے کہ روپے کی قیمت مارکیٹ ریٹ کے مطابق ایڈجسٹ ہو رہی ہے اور حکومت اس میں کوئی مداخلت نہیں کر رہی۔ گھریلو صارفین کیلئے بجلی بلوں پر سرچارج جولائی 2022ء سے لگا کر وصولیوں کے شیڈول سے بھی آگاہ کر دیا گیا۔ ذرائع کے مطابق دوست ممالک کی طرف سے ملنے والے قرض کی تفصیلات سے بھی آگاہ کرنا ہے۔ ذرائع کا بتانا ہے کہ آئی ایم ایف اور سٹیٹ بنک حکام کے ورچوئل مذاکرات میں شرح سود میں اضافے کے بارے میں بتایا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف کی طرف سے ورچوئل مذکرات میں نئے مطالبات سامنے آنے کی وجہ سے تاخیر ہوئی ہے۔
آئی ایم ایف کو بجلی سرچارج میں اضافے سمیت پیشگی اقدامات سے آگاہ کر دیا گیا
Mar 03, 2023