لاہور (کامرس رپورٹر+نمائندہ خصوصی ) یوٹیلٹی سٹورز پر وزیراعظم پیکج کے تحت ملنے والے گھی فی کلو 115روپے مہنگا ہوگیا۔ اب سبسڈی والا گھی 375سے بڑھا کر 490روپے فی کلو کردیا گیا۔ دستاویز کے مطابق وزیراعظم پیکیج کے تحت ملنے والے گھی کی قیمت میں 2 ماہ میں دوسری بار اضافہ کیا گیا۔ گھی مجموعی طور پر 190 روپے فی کلو مہنگا ہوچکا ہے۔ دستاویز کے مطابق بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی ) کے مستحقین گھی کی قیمتوں میں اضافے سے مستثنیٰ ہوں گے، ان کے لیے گھی کی فی کلو قیمت 300 روپے برقرار رہے گی۔ دوسری طرف ملک میں ملٹی نیشنل کمپنیوں نے کولڈ ڈرنکس، منرل واٹر، نیل، بلیچ، شو پالش اور شائنر، ٹوائلٹ کلینر، ڈیٹول، جوس، بچوں کے خشک دودھ، کافی اور خشک دودھ کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا ہے۔ کولڈ ڈرنکس کی قیمتوں میں 5روپے سے 10روپے اضافہ ہو گیا ہے اور ریگولر کولڈ ڈرنک کی قیمت 38 کی بجائے 45 روپے، ہاف لیٹر 80، ڈیڑھ لیٹر 160 کی ملے گی۔ منرل واٹر ڈیڑھ لیٹر 15 روپے اضافے سے 90 روپے میں ملے گی، نیل 300 ایم ایل 410 روپے سے بڑھ کر 875 روپے کا ہوگیا۔ بلیچ ایک لٹر 195 روپے اضافے سے 975 روپے کا ہوگیا۔ شو پالش اور شائنر کی قیمتوں میں 20 سے 70 روپے کا مزید اضافہ ہوا ہے۔ ٹوائلٹ کلینر 1000 ایم ایل قیمت 125 روپے اضافے سے 975 روپے ہوگئی۔ ڈیٹول 1 لٹر پیک 223 روپے اضافے سے 1175 روپے کا ہوگیا۔ ڈیٹول 3 لٹر پیک 604 روپے اضافے سے 2499 روپے کا ہوگیا۔ مچھر مار پراکٹس 25 سے 100 روپے تک مہنگی ہوگیئں۔ 50 روپے والا جوس کا ڈبہ 60 روپے کا ہوگیا بچوں کیلئے خشک دودھ900 گرام 100 روپے اضافے سے 1470 روپے کا ہوگیا۔ درجہ اول جوس 1 لٹر کا پیک 50 روپے تک مہنگا ہوگیا مایئلو کے نرخ10 روپے اضافے سے 70 روپے ہو گئے۔ مشہور برانڈ کی کافی 100 گرام 800کی نئی قیمت 1180روپے کی ہوگی اور 50 گرام کافی کی نئی قیمت 680 روپے ہو گئی۔ بچوں کا فارمولا ملک 400گرام 1670 روپے سے بڑھ کر 1995 روپے کا ہوگیا۔ خشک دودھ850 گرام 100 روپے اضافے سے 1450 کا ہوگیا۔