اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)وزیر خزانہ اسحٰق ڈار نے کہا ہے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کے ساتھ اگلے ہفتے تک سٹاف لیول معاہدہ ہونے کی توقع ہے۔ بیان میں وزیر خزانہ اسحٰق ڈار نے کہا پاکستان کے مخالف عناصر ملک کے دیوالیہ ہونے کی جھوٹی افواہیں پھیلا رہے ہیں جو نہ صرف مکمل طور پر جھوٹ پر مبنی ہیں بلکہ حقیقت کے برعکس ہیں۔وزیر خزانہ نے کہا سٹیٹ بینک پاکستان میں زر مبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہو رہا ہے جو وقت پر بیرونی ادائیگیوں کے باوجود بھی چار ہفتے قبل کے ذخائر سے زیادہ ایک ارب ڈالر تک ہیں ،انہوں نے کہا بیرونی کمرشل بینکوں نے پاکستان کو سہولیات دینا شروع کردی ہیں۔وزیر خزانہ نے کہا بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کے ساتھ ہمارے مذاکرات مکمل ہونے والے ہیں اور ہمیں توقع ہے اگلے ہفتے تک آئی ایم ایف کے ساتھ سٹاف لیول معاہدہ ہو جائیگا۔انہوں نے کہا تمام اقتصادی انڈی کیٹرزآہستہ آہستہ درست سمت کی طرف بڑھ رہے ہیں۔ پاکستان نے 31 جنوری سے 9 فروری تک اسلام آباد میں آئی ایم ایف کے وفد کے ساتھ 10 روز کی تفصیلی بات چیت کی تھی لیکن وہ معاہدے تک نہیں پہنچ سکی تھی۔ مزید برآں وفاقی وزیر خزانہ و ریونیو سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے الجومعہ ہولڈنگ کمپنی لمیٹڈ کے منیجنگ ڈائریکٹر عبدالعزیز حماد الجومعہ نے ملاقات کی۔ وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے عبدالعزیز حماد الجومعہ کا خیرمقدم کیا اور سعودی عرب کے ساتھ گہرے برادرانہ تعلقات پر روشنی ڈالی۔ وزیر خزانہ نے پاکستان میں الجومعہ ہولڈنگ کمپنی کی سرمایہ کاری کا خیرمقدم اور تعریف کی اور کہا کہ موجودہ حکومت سازگار ماحول اور زیادہ سے زیادہ سہولتیں فراہم کر رہی ہے۔ پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے۔ عبدالعزیز حماد الجومعہ نے وزیر خزانہ کو الجومعہ ہولڈنگ کمپنی کے پروفائل اور پاکستان میں سرمایہ کاری کے بارے میں بریفنگ دی۔ دریں اثناء سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر سابق وزیراعظم عمران خان کے ٹویٹ کا جواب دیتے ہوئے وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ معاشی تباہی کا ذمہ دار صرف اور صرف عمران خان ہے، عمران خان نے پاکستان کو معاشی تباہی کے دہانے پر لاکھڑا کیا تھا۔ اپنے ٹویٹ میں وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے مزید کہا ہے کہ اللہ سبحان و تعالیٰ نے پاکستان کی جان تم سے چھڑوا دی، تمہاری کی ہوئی تباہی کو ہم ٹھیک کرنے کی ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں۔ معیشت کیلئے قوم کو جلد اچھی خبریں ملیں گی۔ انشاء اللہ۔