کراچی(کامرس رپورٹر)پاکستان سٹاک مارکیٹ میں گزشتہ روز ریکوری دیکھی گئی۔کے ایس ای100انڈیکس 258پوائنٹس اضافہ کے بعد 40600پوائنٹس کی حد عبور کرگیا۔ سٹاک مارکیٹ میں تیز ی کے باعث سرمایہ کے حجم میں 15ارب روپے کا اضافہ ہوا جبکہ کاروباری مالیت گھٹ کر8ارب روپے کی سطح پر رہی۔حکومت کی جانب سے آئی ایم ایف کے مطالبات پر عملدر آمد اور سٹاف لیول معاہدہ ہونے کے امکانات پر گزشتہ روز پاکستان سٹاک مارکیٹ میں مثبت رجحان دیکھا گیا۔ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں نے کاروباری سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔100 انڈیکس 258پوائنٹس اضافہ سے 40670پوائنٹس،کے ایس ای30انڈیکس 160پوائنٹس اضافہ سے 15313 اور آل شیئرز انڈیکس 67پوائنٹس اضافہ سے 26707پوائنٹس پر بند ہوا۔ مارکیٹ میں تیزی کے باعث سرمایہ کا حجم 15ارب روپے بڑھ کر62کھرب62ارب روپے کی سطح سے 62 کھرب 77ارب روپے کی سطح پر جا پہنچا۔گزشتہ روز کاروباری مالیت 8ارب روپے رہی جبکہ بدھ کے روز کاروباری مالیت9ارب روپے تھی،گزشتہ روز مجموعی طور پر 313کمپنیوں کے حصص کا لین دین ہوا جس میں سے 108 کمپنیوں کے حصص کی قیمت میں اضافہ،182کمپنیوں کے حصص کی قیمت میں کمی اور 23کمپنیوں کے حصص کی قیمت میں استحکام دیکھا گیا،گزشتہ روز ورلڈ ٹیلی کام،حب پاور،میپل لیف،ٹی پی ایل پراپرٹیز،پاور سیمنٹ،دیوان موٹرز،یو بی ای،او جی ڈی سی ایل،فوجی سیمنٹ اور اینگرو پولیمر کے سودے نمایاں رہے۔ سفائر ٹیکسٹائل اور ماری پٹرولیم کے حصص کی قیمت میں سب سے زیادہ اضافہ بالترتیب 74 اور 29.40 روپے رہا جبکہ سب سے زیادہ کمی یونی لیور فوڈز اور نیسلے پاکستان کے حصص کی قیمت میں رہی اور دونوں کمپنیوں کے حصص کی قیمت میں بالترتیب 499اور164.22روپے کی کمی واقع ہوئی۔