پاک فوج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیر نے ہیڈکواٹرز انجینئرز ڈویژن راولپنڈی کا دورہ کیا جہاں انہیں پاک آرمی اربن سرچ اینڈ ریسکیو (یوایس اینڈ آرٹی) کی جانب سے ترکیہ اور شام میں زلزلے کے بعد کوششوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ آرمی چیف نے فوج کے جوانوں کی پیشہ ورانہ مہارت اور زلزلے میں ریسکیو کے دوران کئے گئے قابل تعریف کام کو سراہا۔
قدرتی آفات سے ہونیوالی تباہی چاہے اندرون ملک ہو یا بیرون ملک‘ پاک فوج نے اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا لوہا ہر جگہ منوایا ہے۔ جنرل عاصم منیر کا دورہ¿ ہیڈکوارٹرز انجینئرز ڈویژن اس بات کا بین ثبوت ہے کہ پاک فوج اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں سے ہرگز غافل نہیں۔ وہ صرف سرحدوں کی حفاظت پر ہی مامور نہیں بلکہ اندرون ملک دہشت گردی سمیت ہر بڑے چیلنج سے نمٹنے میں حکومت کی معاون بھی ہوتی ہے۔ اقوام متحدہ کے امن مشن میں بھی پاک فوج کے جوان اپنی جانوں کے نذرانے پیش کرکے بے مثال خدمات سرانجام دے رہے ہیںجس کا اعتراف عالمی سطح پر بھی کیا جاتا ہے۔ ترکیہ اور شام میں تباہ کن زلزلے سے ہونیوالی تباہی، متاثرین کی بحالی اور امدادی کاموں میں بھی پاک فوج کے جوان اپنی بے لوث خدمات سرانجام دے رہے ہیں جس سے ترکیہ اور شام کے ساتھ ہماری پائیدار تزویراتی تعلقات کی اہمیت مزید اجاگر ہورہی ہے۔ پاکستان کو جس شاطر دشمن کا سامنا ہے‘ اس تناظر میں افواج پاکستان کو ہمہ وقت چوکس رہنے کی ضرورت ہے۔ اس لئے پاکستان کی سلامتی کے درپے بھارت جیسے عیار و مکار دشمن کی ریشہ دوانیوں سے نمٹنے کیلئے افواج پاکستان نہ صرف چوکس و تیار ہے‘ بلکہ آرمی چیف اپنے دوروں سے جوانوں کا لہو بھی گرمائے رکھتے ہیں۔قوم کو افواج پاکستان پر نہ صرف فخر ہے بلکہ ملک کے ناقابل تسخیر دفاع پر مطمئن بھی ہے۔
آرمی چیف جنرل سید عاصم منیرکا دورہ¿ ہیڈ کوارٹرز انجینئرز ڈویژن
Mar 03, 2023